کورونا وباء کے باوجود حکومت طویل مدتی معاشی اصلاحات لانے پر عزم

   

صحت عامہ پر بھی خصوصی توجہ ، راہول گاندھی کے ’’ہم دو ہمارے دو‘‘ طنز پر سیتا رامن کا جواب ، پارلیمنٹ میں بجٹ مباحث

نئی دہلی: وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے آج کہا کہ ملک میں کورونا وباء جیسی چیلنج بھری صورتحال میں پر بھین حکومت نے طویل مدتی معاشی اصلاحات لانے کا عزم کیا ہے۔ لوک سبھا میں مرکزی بجٹ 2021-22ء پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے سیتا رامن نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں ہندوستان کو خودانحصاری کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔ اپنی بجٹ تقریر میں واضح کہا تھا کہ ہم صحت عامہ کیلئے بھی بجٹ لارہے ہیں۔ صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو ایک صحت مند زندگی دے سکیں۔ جب تک صحت عامہ پر توجہ نہ دی جائے حکومت کی دیگر اسکیموں پر عمل آوری کے ثمرات حاصل نہیں ہوسکتے۔ اس بجٹ کو وزیراعظم نریندر مودی کے تجربہ سے تیار کیا گیا ہے جب وہ چیف منسٹر تھے، گجرات کی زمینی صورتحال مختلف تھی۔ ان کے دور میں گجرات کے اندر کئی اصلاحات عمل میں لائے گئے۔ ماقبل 1991ء جب لائسنس راج چل رہا تھا، اس وقت چیف منسٹر کی حیثیت سے کئی اہم قدم اٹھائے تھے جن کے ثمرات آج ہم تمام دیکھ رہے ہیں۔ مودی کے اپنے تجربات کی بنیاد پر میں نے اس بجٹ میں اصلاحات لائے ہیں۔ وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے اس ماہ کے اوائل میں 34.5 لاکھ کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا تھا۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کی وباء کے پس منظر میں تیار کردہ اس بجٹ پر اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقیدوں نے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ مصارف میں اضافہ کیا گیا۔ صحت شعبہ کے لئے زائد فنڈس مختص کئے گئے۔ زرعی انفراسٹرکچر کو فروغ دینے اور دیگر کاموں کیلئے بھی خاطر خواہ فنڈس بنائے گئے ہیں جس سے توقع ہے کہ ملک کی معیشت پر ہمہ رخی اثر ہوگا۔ آنے والے برسوں میں ہندوستان کی معیشتوں میں سرفہرست ہوگی۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے ’’ہم دو، ہمارے دو‘‘ طنز پر جواب دیتے ہوئے سیتا رامن نے لوک سبھا میں کہا کہ یہ ہم دو ہمارے دو کا نعرہ ماضی میں کانگریس نے ہی خاندانی منصوبہ بندی کیلئے دیا تھا۔ راہول گاندھی نے کہا تھا کہ جس طرح کورونا دوبارہ دوسری شکل میں پلٹ کر آرہا ہے ، اسی طرح ’’ہم دو، ہمارے دو‘‘ کا نعرہ بھی واپس آیا ہے۔ سیتا رامن نے بھی یہی نعرہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کانگریس نے ماضی میں کئی اچھی اسکیمس شروع کی تھیں لیکن اس نے ان اسکیموں پر مناسب عمل نہیں کیا اور اب اس نعرہ کو سیاسی حریفوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے ایم این آر ای جی اے اسکیم شروع کرنے کا سہارا اپنے سَر لیا ہے، اسے اسکیم کو غلط طور پر چلانے کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہئے کیونکہ کانگریس کے دور میں اس اسکیم کے ذریعہ درپردہ ورکرس کو رقومات دیئے گئے۔ ہندوستان کی آزادی کے بعد ملک میں پائے جانے والے لائسنس راج کوٹہ راج پر تنقید کرتے ہوئے سیتا رامن نے کہا کہ اس بجٹ پر ہم نے ماہر صنعت کاروں کا احترام کرتے ہوئے ان کیلئے اسکیم تیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ٹیکس دہندگان کی ہم عزت کرتے ہیں، ان کے تعاون سے ہی حکومت کو صحت و فلاحی اسکیمات تیار کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ لوک سبھا میں وزیر فینانس کی تقریر کے دوران اپوزیشن قائدین نے جن سنگھ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اب غیرکارکرد ہوچکا ہے۔ یہ غیرکارکرد اس لئے ہوا کیوں کہ بی جے پی نے اپنی من مانی شروع کی ہے۔ وزیر فینانس نے راہول گاندھی پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ مختلف مسائل پر فرضی باتیں گھڑ کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔