چھوٹی صنعتوں کو تعاون، بینکرس کے اجلاس سے چیف سکریٹری سومیش کمار کا خطاب
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کسانوں کو امداد کی فراہمی کے علاوہ سیلف ہیلپ گروپس، چھوٹے کاروباریوں اور چھوٹی صنعتوں کو بینکوں کی جانب سے بہتر تعاون کی ستائش کی۔ کورونا وباء کے دوران ریاست میں بینکوں کے رول کی سومیش کمار نے ستائش کی۔ چیف سکریٹری نے اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی کے 27 ویں اجلاس سے ورچول خطاب کیا۔ چیف سکریٹری نے حکومت کے سینئر عہدیداروں اور بینکرس کو مبارکباد دی جن کی مساعی کے نتیجہ میں اسٹریٹ وینڈرس اسکیم پر عمل آوری کیلئے ملک میں تلنگانہ کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بینکرس پر زور دیا کہ وہ قبائیلی علاقوں میں اپنی برانچس کو بند نہ کریں اور قبائیلی عوام کی مدد کریں۔ بینکرس کے تعاون سے تلنگانہ حکومت سرکاری اسکیمات پر عمل آوری میں بہتر پیشرفت کررہی ہے۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری میونسپل اڈمنسٹریشن اروند کمار، سکریٹری فینانس رونالڈ راس، ڈاکٹر ستیہ نارائنا، سنجیو نوٹیال اور مختلف بینکوں کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔