کورونا وباء کے دوران مجالس مقامی کے انتخابات تشویشناک

   

عوام کی زندگی سے کھلواڑ، کانگریس ترجمان کا الزام
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے کورونا کی سنگین صورتحال کے باوجود مجالس مقامی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی پر تشویش کا اظہار کیا۔ پارٹی ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ کورونا کی سنگین صورتحال اور ڈائرکٹر ہیلت کی وارننگ کے باوجود اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ورنگل اور کھمم کارپوریشنوں کے علاوہ 6 میونسپلٹیز کے انتخابات کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ عوام کے مفاد میں نہیں ہے اور رائے دہندوں کو موت کے منہ میں جھونکنے کے مترادف ہوگا ۔ الیکشن کمیشن سے کانگریس پارٹی نے نمائندگی کی تھی ۔ باوجود اس کے کہ انتخابی اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ نرنجن نے کہا کہ اضلاع میں صورتحال بگڑتی ہے تو اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کے خلاف ہالیہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ کانگریس کی شکایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر نے کانگریس قائد کو دھمکیاں دی تھیں۔ الیکشن کمیشن کے مبصر نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کمیشن کو رپورٹ پیش کی تھی ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے ناگرجنا ساگر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔