کورونا وباء کے دوران 22% نوکریاں چلی گئیں

   

63% لوگوں کے کاروبار میں گراوٹ، ایک فیصد عوام کی آمدنی میں اضافہ
حیدرآباد۔کورونا وائرس کے دور میں 1 فیصد لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 14 فیصد لوگوں کا کہناہے کہ ان کی زندگی پر کورونا وائرس وباء اور اس کے چلتے کئے جانے والے لاک ڈاؤن کے باوجود کوئی اثر نہیں دیکھا گیا ہے۔ ہندستان میں 22 فیصد عوام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب ان کی نوکریاں چلی گئیں یا وہ اپنے کاروبار سے محروم ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ 63 فیصد عوام کا کہناہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے سبب ان کے کاروبار میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور ان کی آمدنی متاثر ہوئی ہے۔ ہندستان میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سبب پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کا سروے کئے جانے کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملک کے 63 فیصد شہریوں کی آمدنی متاثر ہوئی ہے اور اس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ 1 فیصد شہریوں کا ماننا ہے کہ ان حالات میں ان کی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 14 فیصد کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کے علاوہ عوامی چہل پہل میں ہونے والی کمی کے سبب کئی لوگوں کی ملازمتیں چلی گئی اور کئی لوگ جو روزانہ کی مصروفیات سے متعلق تجارت انجام دیا کرتے تھے وہ اپنی تجارت سے محروم ہوچکے ہیں۔ صنعتی اداروں اور تاجرین کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت نے لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے جو اقدامات کئے تھے وہ ناکافی رہے اور حکومت کی جانب سے مزید بہتر اقدامات کئے جاسکتے تھے ۔ معاشی ابتری کے باوجود ملک میں برسراقتدار جماعت کے خلاف ناراضگی کے آثار نہیں پائے جاتے بلکہ جب یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ مودی حکومت کی جانب سے وباء کے اس دور میں حکومت کی جانب سے وباء سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے کیا وہ مطمئن ہیں تو اس کے جواب میں 23 فیصد لوگوں کا کہناہے کہ مودی حکومت نے بہتر انداز میں کورونا وائرس وباء سے نمٹنے کے اقدامات کئے ہیں جبکہ 48 فیصد لوگ حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں جبکہ 22 فیصد لوگوں کا ماننا ہے کہ حکومت نے متوسط کام کیا ہے اور بہتر انداز میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کو ممکن بنایا جاسکتا تھا۔ 6 فیصد عوام ایسے ہیں جو یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے جبکہ 1فیصد ایسے لوگ ہیں جو کچھ بھی کہنا نہیں چاہتے۔ اسی طرح کورونا وائرس کے دوران مودی حکومت کی جانب سے ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے اقدامات کے متعلق بھی عوام صنعتکاروں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا جا رہاہے اور 24فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے بہتر انداز میں معیشت سے نمٹنے کے اقدامات کئے ہیں۔