کورونا وباء کے پیش نظر اہم سیاحتی مقامات بند

   

نہرو زوالوجیکل پارک میں وزیٹرس کی تعداد میں کمی
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر نے سیاحتی مقامات کو عملاً ویران کردیا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ نے کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے چارمینار و دیگر تاریخی عمارات کو سیاحوں کیلئے بند کردیا ہے۔ دوسری طرف نہرو زوالوجیکل پارک جو محکمہ جنگلات کے تحت ہے، وہاں وزیٹرس کی تعداد میں غیر معمول کمی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق عام حالات میں روزانہ 10 ہزار اور ہفتہ و اتوار کو 15,000 افراد تفریح کیلئے پہنچتے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ سے کورونا کیسوں میں اضافہ کے بعد عوام کی تعداد میں کمی ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ روزانہ بمشکل ایک ہزار افراد زو پہنچ رہے ہیں۔ حکام نے وزیٹرس کے لئے کورونا قواعد پر عمل آوری کی پابندی عائد کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ زو کے تقریباً 20 ملازمین کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور وہ ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ حکام نے جانوروں کی حفاظت کیلئے صفائی کے انتظامات میں شدت پیدا کردی ہے ۔ زو کے اسٹاف کے لئے ٹیکہ اندازی کا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ چندولال بارہ دری میں واقع پرائمری ہیلت سنٹر میں 300 ملازمین کو کورونا ٹیکہ دیا جاچکا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ ہندوستان میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے بعد سے بیرونی سیاحوں کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یوروپی ممالک نے اپنے شہریوں کو ہندوستان کا دورہ کرنے سے روک دیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں سے آنے والے سیاح کورونا کیسیس کے خوف سے دیگر ریاستوں کا سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ تاریخی چارمینار ، گولکنڈہ ، گنبدان قطب شاہی اور سالار جنگ میوزیم میں سیاحوںکی آمد گزشتہ دو ہفتوں سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔