نوجوانوں کو خون کا عطیہ دینے کا مشورہ ، بلڈ ڈے کے موقع پر گورنر کا خطاب
حیدرآباد: ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے قیمتی جانوں کے تحفظ کے لئے خون کا عطیہ دینے والے افراد اور ان کے انسانی ہمدردی جذبہ کی زبردست ستائش کی ہے ۔ گورنر نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے عہدیداروں سے خطاب کیا۔ راج بھون سے آن لائین خطاب میں گورنر نے خون کا عطیہ دینے والوں کو سلیوٹ کیا ۔ گورنر نے کہا کہ کورونا وباء کے ماحول میں خون کی قلت کا سامنا ہے ، ایسے میں خون کا عطیہ دینے والوں کے جذبہ کی جس قدر ستائش کی جائے کم ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے خون کا عطیہ دیں اور اپنی شناخت انسانی جانوں کے بچانے والوںکی حیثیت سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت کیر سسٹم میں درکار خون کی دستیابی اہم مسئلہ ہے۔ کورنا وباء نے خون کی قلت پیدا کردی ہے کیونکہ عطیہ دہندگان کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گورنر نے ریڈ کراس سوسائٹی سے وابستہ افراد سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونیشن کیلئے ایکشن پلان تیار کریں اور زیادہ سے زیادہ افراد کو خون کے عطیہ کیلئے راضی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ خون کے تحفظ کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر ضرورت مند افراد کی جان بچائی جاسکے۔ گورنر نے کورونا کے دوران بھی تھلیسیمیا کی مریضوںکی مددکرنے والوں کی ستائش کی ۔ اس موقع پر گورنر کے سکریٹری سریندر موہن ، آئی آر سی ایس کے صدرنشین پرکاش ریڈی ، جنرل سکریری مدن موہن اور دوسرے موجود تھے۔