کورونا وباء کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن کے کوچنگ کیمپس ملتوی

   

عوام اورکھلاڑیوں کو مایوسی، وائرس سے بچاؤ کیلئے کارپوریشن کا مسلسل دوسرے سال فیصلہ
حیدرآباد: کورونا وباء نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی کئی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے ہر سال مختلف کھیل کود کے کوچنگ کیمپس کا انعقاد عمل میں آتا ہے لیکن گزشتہ دو برسوں سے کورونا نے ان سرگرمیوں پر روک لگادی ہے۔ بلدی مسائل کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اسپورٹس کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کی ہے اور اس کیلئے علحدہ شعبہ قائم کیا گیا ہے ۔ عوام کو امید تھی کہ جاریہ سال کارپوریشن سمر کوچنگ کیمپس کا انعقاد عمل لائے گا لیکن بتایا جاتا ہے کہ کورونا وباء کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال کیمپس منعقد نہیں ہوں گے۔ ہر سال 15 مختلف کھیل کود کے زمروں میں 522 گراؤنڈس پر ایک ماہ طویل کوچنگ کیمپ منعقد کیا جاتا ہے ۔ کورونا نے گریٹر حیدرآباد میں عوامی زندگی پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس کے نتیجہ میں حکام سمر کیمپ کی منسوخی پر مجبور ہیں۔ حیدرآباد میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا کیسس میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کو اندیشہ ہے کہ کیمپس کے انعقاد کی صورت میں کھلاڑیوں میں کورونا کے کیسس میں اضافہ ہوگا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سمر کیمپ کے بارے میں کھلاڑیوں میں کافی جوش و خروش ہے لیکن کیسس میں اضافہ کے سبب جاریہ سال بھی انعقاد ممکن نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے کارپوریشن کو ہدایت موصول ہوئی ہے کہ کورونا کے کیسس میں مزید اضافہ کی صورت میں پلے گراؤنڈس کو مائیگرنٹ لیبرس اور فقیروں کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جائے ۔