واشنگٹن ۔ /3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ماہرین کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء 2022 ء تک جاری رہ سکتی ہے اور اس پر اُس وقت تک قابو نہیں پایا جاسکتا جب تک کہ دنیا کی بیشتر آبادی کی قوت مدافعت میں اضافہ نہ کیا جائے ۔ یہ وباء 18 سے 24 مہینوں تک برقرار رہنے کی توقع ہے ۔ دنیا کی بڑی آبادی میں بتدریج قوت مدافعت میں اضافہ ضروری ہے ۔ یونیورسٹی آف مینی سوٹا کے وبائی امراض کی تحقیق اور پالیسی کے مرکز سے جاری کردہ رپورٹ میں محققین نے یہ انکشاف کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کووڈ۔19 کے پھیلنے کی مدت زیادہ سے زیادہ 2 سال ہوسکتی ہے ۔ 60 تا 70 فیصد آبادی کی قوت مدافعت میں اضافہ پر ہی اس کو روکا جاسکے گا ۔ محققین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء جلد ختم نہیں ہوگی اور عوام کو اس وباء کے میقاتی طور پر یعنی وقفہ وقفہ سے امکانی طور پر ابھرنے کا سامنا کرنے کیلئے آئندہ دو برسوں تک تیار رہنا چاہئیے ۔