کورونا وباکے باوجود جی ایچ ایم سی سے 1701کروڑ روپئے جائیدادٹیکس وصولی

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)نے مالیاتی سال 2020-21کے دوران جس کا اختتام 31مارچ کو ہوا کے دوران 1900کروڑروپئے کے نشانہ کے برخلاف 1701.29 کروڑروپئے کا جائیداد ٹیکس وصول کیا جو ایک ریکارڈ ہے ۔پہلی مرتبہ کارپوریشن نے کوویڈ کے معاملات میں اضافہ اور جی ایچ ایم سی کے اسٹاف کے بھی اس سے متاثر ہونے کے باوجود 1700کروڑروپئے کے نشانہ کو عبور کیا ہے ۔یکمشت ادائیگی اور ارلی برڈ اسکیم جیسے پروگراموں کے ساتھ بلدیہ نے گذشتہ سال وصول 1472.32 کروڑ روپئے کے برخلاف ٹیکس کی وصولی میں تاریخ بنائی ہے ۔جی ایچ ایم سی کے حدود میں 16لاکھ شہریوں کے برخلاف 12.20لاکھ افراد نے مالیاتی سال کے دوران ٹیکس ادا کیا ہے تاہم گذشتہ سال جملہ 10.50 لاکھ افراد نے جائیداد ٹیکس ادا کیا تھا۔یکم اپریل 2020سے 31مارچ2021تک زون واری جائیداد ٹیکس کی وصولی کی تفصیلات اس طرح ہے ۔خیریت آباد زون 491.69 کروڑ روپئے ،سیری لنگم پلی 290.28 کروڑروپئے ،کوکٹ پلی زون 285.64 کروڑروپئے ،سکندرآباد زون 259.78 کروڑ روپئے ،ایل بی نگر246.74 کروڑروپئے اور چارمینار زون 126.96 کروڑ روپئے ۔