واشنگٹن: کوروناوائرس وبا کے دوران ساری دنیا میں اب تک 600 سے زائد صحافی ہلاک ہوئے ہیں۔ صحافیوں کے حقوق کی عالمی تنظیم دی پریس ایمبلم کیمپین نے کہا ہیکہ گذشتہ سال مارچ کے مہینے سے اب تک کوروناوائرس کی وبا کی وجہ سے 600 سے زیادہ صحافی ہلاک ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس سے 602 صحافی ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں سے نصف سے زیادہ ہلاکتیں لاطینی امریکہ میں ہوئیں۔ لاطینی امریکہ میں مرنے والے صحافیوں کی تعداد 303 تھی۔ ایشیا میں 145 صحافی کوروناوائرس کا نشانہ بنے۔ یوروپ میں 94، شمالی امریکہ میں 32 اور افریقہ میں 28 صحافی وبا سے ہلاک ہوئے۔ دی پریس ایمبلم کیمپین کا کہنا ہیکہ یہ فرق کرنا ناممکن ہیکہ صحافی کام کے دوران وائرس سے متاثر ہوئے۔ ان کی فہرست میں ریٹائرڈ صحافی بھی تھے۔ جنیوا میں موجود صحافیوں کے حقوق کی تنظیم کے مطابق صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی ٹیکوں تک رسائی ملنی چاہئے۔ پیرو میں سب سے زیادہ 93 صحافی ہلاک ہوئے۔ برازیل میں 55، میکسیکو 45، ایکواڈور 42، بنگلہ دیش 41، اٹلی 37 اور امریکہ میں 31 صحافی ہلاک ہوئے۔ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا عالمی ادارہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے صحافیوں کے اہل خانہ کی مالی مدد کی حمایت کرتا ہے۔