کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی غفلت برتنے پر کیرالا جیسی صورتحال پیدا ہوگی

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کے 9 اضلاع میں کیس بڑھ رہے ہیں ، مستقبل میں ہوٹلس اور مالس میں داخلہ کیلئے ویکسین لازمی ہوگا
حیدرآباد 31 جولائی : ( سیاست نیوز ) : ڈائرکٹر ہیلت جی سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ۔ اگر عوام نے احتیاط نہیں کیا تو تلنگانہ میں کیرالا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے ۔ آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کیس بڑھ رہے ہیں ۔ کھمم ، نلگنڈہ ، کریم نگر میں زیادہ کیس درج ہو رہے ہیں ۔ تلنگانہ کے 9 اضلاع میں کورونا کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود چند لوگ آئسولیشن میں رہنے کی بجائے باہر نکل رہے ہیں جو خطرناک ہے ۔ جس سے کورونا کی وبا مزید تیزی سے پھیلنے کا امکان ہے ۔ ڈائرکٹر ہیلت نے کورونا متاثرین کو گھروں میں رہنے پر زور دیا یا ہاسپٹل میں شریک ہونے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے عوام کو کورونا ویکسین لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں سفر کیلئے ویکسین لازمی ہوجائے گا ۔ ساتھ میں ہوٹلس و مالس میں داخلہ کیلئے ویکسین لازمی ہوجائیگا ۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ ہندوستان کے بشمول دنیا کے 135 ممالک میں شدت اختیار کررہا ہے ۔ کئی ممالک میں تیزی سے کورونا کیس درج ہورہے ہیں ۔ یہ ویرینٹ انسانی جسم میں زیادہ دنوں تک رہ رہا ہے اور انفکشن تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ تلنگانہ میں ابھی تک دو ڈیلٹا پلس کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ ماہ مئی میں اس کی حیدرآباد میں شناخت کی گئی ہے اور جو لوگ اس سے متاثر تھے وہ صحت یاب ہوئے ہیں ۔ ان کے رابطہ میں رہنے والوں کی نشاندہی کرکے ٹسٹ کرنے پر نتیجہ نگیٹیو برآمد ہوا تھا ۔ تلنگانہ میں 2.2 کروڑ عوام کورونا ویکسین لینے کے اہل ہیں ۔ ان میں 1.12 کروڑ عوام کو ابھی تک کورونا کا سنگل ڈوز دیا گیا ۔ ساتھ ہی 33.79 لاکھ افراد کو کورونا کا دوسرا ڈوز دے دیا گیا ہے ۔ پہلا ڈوز حاصل کرنے والوں میں 30 فیصد افراد کو دوسرا ڈوز بھی دیا گیا ہے ۔ اس ماہ ابھی تک 30.04 لاکھ ڈوز ریاست کو آئے ہیں مختص کردہ سے زیادہ 9.5 لاکھ ڈوز ریاست کو حاصل ہوئے ہیں ۔ ریاست میں 22.32 لاکھ افراد کو دوسرا ڈوز دینا ہے ۔ جن میں 12 لاکھ لوگوں کو دوسرا ڈوز دے دیا گیا ہے ۔ کوویگزن کے 3 لاکھ سے زائد دوسرا ڈوز دینا ہے ۔ آئندہ ایک دو ہفتہ میں دوسرا ڈوز دینے والوں کو ترجیح دی جائیگی ۔ ڈائرکٹر ہیلت نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں ۔ آکسیجن ، طبی عملہ پوری طرح دستیاب ہے ۔ انہیں مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ہاسپٹل میں آکسیجن پر مشتمل 26 ہزار بیڈس تیار ہے ۔ بچوں کے لیے اضلاع ہیڈ کوارٹرس کے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں مکمل بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ 100 بیڈس پر مشتمل تمام خانگی ہاسپٹلس کو آئندہ ماہ اگست کے اواخر تک آکسیجن پلانٹس دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔