وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت ، دوا
Hydroxychloroquine
کی سربراہی پر پابندی ہٹالینے کی درخواست
واشنگٹن ۔ /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدرامریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے میں تعاون کی خواہش کی اور کہا کہ امریکہ کی جانب سے آرڈر کئے گئے ملیریا کی گولیاں
Hydroxychloroquine
کی فروخت کی اجازت دیدیں ۔ تاکہ ان کے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کا علاج کیا جاسکے ۔ ہندوستان میں ملیریا کے انسداد کی دوا کو برآمد کرنے پر پابندی عائد کی تھی ۔ اس پابندی کے چند گھنٹوں بعد ہی صدر امریکہ ٹرمپ نے وزیراعظم کو فون کیا اور اس دوا کی اجرائی کی درخواست کی ۔ یہ دوا قدیم ہے اور اس پر مصارف زیادہ نہیں آتے ۔ اس دوا کو ملیریا کے علاج کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ امریکہ کیلئے یہ دوا بے حد ضروری ہے ۔ وائیٹ ہاؤز میں اپنی روزانہ کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ہفتہ کی صبح وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر بات چیت کی ہے ۔ ہندوستان میں ہمارے مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ ہندوستان کے ڈائرکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے /4 اپریل کو مذکورہ دوا کی برآمد پر پابندی عائد کی تھی اور حکم دیا تھا کہ اس پر فوری عمل کیا جائے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ہندوستان ہماری درخواست پر اس دوا کو جاری کرتا ہے تو یہ قابل ستائش بات ہوگی ۔ امریکہ نے دوا درآمد کرنے کا آرڈر دیا ہے ۔ ہندوستان کو امریکی کمپنیوں نے دوا بھیجنے کا آرڈر دیا ہے ۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کورونا وائرس کے مشتبہ یا توثیق شدہ کیسوں کے علاج کیلئے اینٹی ملیریل ڈرگ کی سفارش کی ہے ۔ ساری دنیا کے سائنسداں کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے ٹیکہ تیار کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اسی دوران امریکی سائنسداں ڈاکٹر انتھونی فاکی نے بتایا کہ کورونا وائرس ہوا میں 27 فٹ تک سفر نہیں کرسکتا ۔ زور دار چھینک کے نتیجہ میں بھی یہ وائرس 27 فٹ تک جانے کی طاقت نہیں رکھتا ہے ۔