کورونا وَبا کے باوجود عالمی فوجی اخراجات میں 2.6 فیصد اضافہ

   

Ferty9 Clinic

اسٹاک ہوم: دنیا بھر میں گذشتہ سال کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے باوجود عالمی فوجی اخراجات میں 2.6 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے اور یہ 19کھرب 8 ارب ڈالرز تک جا پہنچے ہیں۔سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قائم بین الاقوامی امن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سِپری) کی سوموار کو جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں پانچ ممالک امریکہ، چین، ہندوستان، روس اور برطانیہ نے 2020ء میں سب سے زیادہ فوجی اخراجات کیے ہیں۔دنیا بھر میں کل دفاعی اخراجات میں ان ممالک کا حصہ 62 فیصد ہے۔سپری کے محقق ڈیاگو لوپس ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ہم پورے یقین کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا نے 2020ء کے دوران میں عالمی فوجی اخراجات پر کوئی نمایاں اثر نہیں چھوڑاہے۔ کووِڈ-19 کی وبا کی وجہ سے عالمی جی ڈی پی میں تو کمی واقع ہوئی ہے مگر جی ڈی پی کے مقابلے میں فوجی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے اور 2020ء میں اس کی اوسط شرح 2.4 فی تک پہنچ گئی تھی جبکہ 2019ء میں یہ شرح 2.2 فیصد رہی ہے۔تاہم بعض ممالک نے اپنے دفاعی بجٹ کا رُخ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی طرف پھیردیا تھا۔ان میں چلّی اور جنوبی کوریا نمایاں ہیں۔البتہ برازیل اور روس ایسے بعض ممالک نے 2020ء میں اپنے مختص کردہ فوجی بجٹ میں سے کم رقوم خرچ کی ہیں۔گذشتہ سال امریکہ کے فوجی اخراجات 778 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔یہ رقم 2019 کے دفاعی بجٹ کے مقابلے میں 4.4 فیصد زیادہ تھی۔امریکہ دنیا بھر میں دفاع پر سب سے زیادہ رقوم صرف کرتا ہے۔2020ء میں کل عالمی فوجی اخراجات میں اس کا حصہ 39 فیصد تھا۔امریکہ نے گذشتہ مسلسل تین سال کے دوران میں اپنے فوجی اخراجات میں اضافہ کیا ہے جبکہ اس سے پیوستہ سات سال کے دوران اس مد میں اخراجات کم تھے۔چین دنیا میں دفاع پر سب سے زیادہ رقوم خرچ کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ 2020ء میں اس نے دفاع پر کل 252 ارب ڈالر خرچ کیے تھے۔گذشتہ سال کے کے مقابلے میں اس کے یہ اخراجات 1.9فیصد زیادہ تھے۔