کورونا ویکسن کی تقسیم پر تلنگانہ میں جامع منصوبہ تیار

   

ایک ہفتہ میں 70 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی، صحت اور پولیس کے ملازمین کو ترجیح
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کورونا ویکسن کی تقسیم کے سلسلہ میں جامع منصوبہ کو قطعیت دی ہے جس کے تحت روزانہ 10 لاکھ افراد کو کورونا ٹیکہ اندازی کی جائے گی ۔ ہفتہ میں 70 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے ہفتہ میں ٹیکہ اندازی کے بعد دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ اندازی دی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں 10,000 سے زائد ہیلت ورکرس اور نرسس کی تربیت کا آغاز کیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے پہلے مرحلہ میں ملک بھر میں 30 کروڑ افراد کو کورونا ویکسن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں تین لاکھ میڈیکل اسٹاف اور ہیلت کیر ورکرس کو کورونا کی دوا دی جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں کورونا سے نمٹنے والے محکمہ جات کے ملازمین کو دوا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں محکمہ پولیس شامل ہیں۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو بیماری کی نوعیت کے اعتبار سے ویکسن دی جائے گی۔ ویکسن کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے ماہر ڈاکٹروںکی ایک ٹیم کو تیار رکھا جائے گا جو فوری طور پر علاج کے ذریعہ منفی اثرات پر قابو پائیں گے تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں کمی واقع ہوئی ہیں اور حیدرآباد کے خانگی تحقیقی ادارہ میں کورونا ویکسن کی تیاری کا کام جاری ہے۔ بعض ماہرین نے کورونا ویکسن کے بااثر ہونے پر شبہات کا اظہار کیا۔