وزیراعظم نریندر مودی کی ویڈیو کانفرنس، ارکان پارلیمنٹ کیشو راؤ اور ناگیشور راؤ کی شرکت
حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا ویکسن کی تقسیم اور کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے حکومت کی مساعی پر ملک کی اہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے راجیہ سبھا میں پارٹی لیڈر ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور لوک سبھا میں فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے اور ویکسن کی سربراہی کے سلسلہ میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ کورونا ایک قومی وباء ہے اور اسے مشترکہ طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ کیشو راؤ نے کہا کہ کورونا ویکسن کے سلسلہ میں ملک بھر میں تجربات جاری ہیں۔ لہذا مرکزی حکومت کو ویکسن کی سربراہی کے سلسلہ میں جامع منصوبہ تیار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسن کی سربراہی کا عمل انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دیا جانا چاہئے ۔ ویکسن دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ دیگر احتیاطی تدابیر کو جاری رکھنا ہوگا۔ ملک بھر میں آئندہ دو ماہ تک سخت چوکسی کی ضرورت ہے کیونکہ کورونا کی دوسری لہر کا خطرہ برقرار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کورونا ویکسن کی تقسیم کے لئے ضروری انتظامات کو قطعیت دے گی ہے۔ ویکسن کی حفاظت کیلئے کولڈ چین تیار کی گئی ہے۔ ریاستی سطح کے علاوہ ضلع اور منڈل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی جانچ کیلئے حکومت نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ کورونا ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور تلنگانہ میں صرف 1.1 فیصد افراد میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔