ریاست میں کورونا کی دوسری لہر نہیں ، عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ
حیدرآباد : ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ جنوری میں کورونا کا ویکسین دستیاب ہونے کا قوی امکان ہے۔ مزید ایک ماہ تک عوام کو احتیاط برتنے اور کوویڈ۔19 کے قواعد پر ستخی سے عمل آوری کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیرنے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی پہلی لہر کمزور پڑ گئی ہے۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر پہنچنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ برطانیہ سے ابھی تک ریاست میں 1200 افراد پہنچے ہیں ان میں 900 افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ صرف 16 افراد کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ان سے رابطے میں آنے والے 80 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں تین افراد متاثر ہونے کا علم ہوا ہے۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آئندہ ایک ماہ تک حکومت سے مکمل تعاون کریں اور کوویڈ کے رہنمایانہ اصولوں پر عمل آوری کریں۔ ماسک لگائے۔ سماجی دوری برقرار رکھے اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے ریاست کے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ کورونا ویکسین کی تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے منڈل سطح سے ریاستی سطح تک چار کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور عملہ کو بڑے پیمانے پر تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کورونا کی صورتحال پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ برطانیہ سے ریاست کو پہنچنے والوں پر خصوصی توجہ دی جارہی انہیں ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے۔ تمام لوگوں کے خون کے نمونے حاصل کرکے سی سی ایم بی کو روانہ کئے گئے ہیں۔ رپورٹ وصول ہونے کے بعد ہی کورونا کے دوسری لہر کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔ برطانیہ سے تلنگانہ پہنچنے والوں کیلئے خصوصی ٹیلیفون نمبر دیا گیا ہے۔ وہ واٹس اپ نمبر 9154170960 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔