کورونا ویکسین دینے کیلئے دہلی حکومت پوری طرح تیار

   

نئی دہلی : چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے بتایا کہ دہلی حکومت کورونا ویکسین کے حصول ، اسٹوریج اور ترجیحی زمرہ کے 51 لاکھ افراد کو پہلے مرحلے میں ٹیکہ لگانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ مرکزی حکومت سے ویکسین حاصل ہوتے ہی ٹیکہ اندازی شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کے تین ترجیحی زمروں میں ٹیکہ اندازی کیلئے رجسٹریشن کا کام جاری ہے۔ تین زمروں میں ہیلتھ ورکرس، فرنٹ لائن ورکرس اور معمر افراد شامل ہیں۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے ساتھ اجلاس کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر شخص کو2 خوراک دیئے جائیں گے، اس طرح دہلی میں پہلے مرحلے کیلئے 1.02 کروڑ خوراک کی ضرورت ہوگی۔ اس وقت دہلی میں 74 لاکھ خوراک کو اسٹوریج کرنے کی گنجائش ہے۔ اندرون ایک ہفتہ اس میں 1.15 کروڑ خوراک کو اسٹور کرنے کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔