حیدرآباد۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے زور دیا ہے کہ تمام اہل افراد کو کورونا ویکسین لینے کیلئے مہم میں تیزی پیدا کی جائے۔ انہوں نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی تلنگانہ شاخ پر زور دیا کہ وہ عوام میں کورونا ویکسین لینے کیلئے شعور بیدار ی پیدا کریں اور تمام ضلع یونٹس کے ساتھ مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا ویکسین کی دنیا کی سب سے بڑی مہم جاری ہے۔ کورونا ویکسین کی تیاری میں ہندوستان خود مکتفی بن کر ابھرا ہے جبکہ اس کی تیاری اور سربراہی بھی دیگر ممالک کو کی جارہی ہے۔ یہ ایک عظیم موقع ہے کہ تمام اہل امیدوار اس سے استفادہ کریں۔ گورنر نے آج راج بھون میں عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کورونا ویکسین مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وہ پڈوچیری کے راج نواس میں ہیں جہاں انہیں لیفٹننٹ گورنر کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ گورنر نے راج بھون ڈسپنسری میڈیکل آفیسرس کو نیلوفر ہاسپٹل پیڈیاٹرک سرجن کے ساتھ تعاون کرنے پر زور دیا ہے تاکہ راج بھون کے ہوم گارڈ کی بیمار بیٹی کا موثر علاج ہوسکے ۔