کورونا ویکسین پر راہول گاندھی کا حکومت سے تلخ سوال

   

وزیراعظم، بی جے پی اور وزارتِ صحت کے بیان میں تضاد پر حیرت

نئی دہلی :مودی حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ جلد ہی ہندوستان میں کورونا ویکسین دستیاب ہو جائے گی اور کورونا کے قہر سے لوگوں کو نجات ملے گی۔ مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن سے جب پوچھا گیا کہ پورے ملک کو ویکسین دینے میں کتنا وقت لگے گا، تو انھوں نے جواب دیا کہ ایسا کبھی نہیں کہا گیا کہ پورے ملک کی ٹیکہ اندازی ہوگی یا ویکسین دی جائے گی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا سبھی ہندوستانی باشندوں کو کورونا ویکسین مودی حکومت مفت میں دے گی۔ یہ سوال راہول گاندھی نے بھی اُٹھایا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے یہ تلخ سوال اس لیے پوچھا ہے کیونکہ پی ایم مودی، ان کی پارٹی بی جے پی اور مرکزی وزارت صحت کے بیان میں تضاد دیکھنے کو مل رہا ہے۔راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’پی ایم نے کہا کہ سبھی کو ویکسین ملے گی۔ بہار انتخاب میں بی جے پی نے کہا کہ بہار کے لوگوں کو مفت میں ویکسین ملے گی۔ اب مرکزی حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ سبھی کو ویکسین ملے گی۔ اب پی ایم مودی بتائیں کہ حقیقی معنوں میں ان کا کیا موقف ہے؟‘‘غور طلب ہے کہ یکم دسمبر کو پریس سے بات کرتے ہوئے مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا تھا کہ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ پورے ملک کی ٹیکہ کاری ہوگی یا کورونا کی ویکسین دی جائے گی۔