ریاست میں ویکسین کی قلت سے پریشانی، سرحدی اضلاع کے عوام کو پڑوسی ریاستوں میں سہولت
حیدرآباد۔ حیدرآباد ملک میں میڈیکل ہب کی حیثیت سے شہرت رکھتا ہے جہاں ہر مرض کیلئے بہتر علاج کی سہولتیں دستیاب ہیں۔ دیگر بڑے شہروں کے مقابلہ حیدرآباد میں ملٹی سوپر اسپیشالٹیز کارپوریٹ ہاسپٹلس کا جال پھیلا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں کورونا وباء کے دوران پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور چھتیس گڑھ سے مریضوں کی منتقلی نے مقامی کورونا مریضوں کیلئے بستروں کی قلت پیدا کردی ہے۔ ایسے وقت جبکہ پڑوسی ریاستوں سے کورونا علاج کیلئے لوگ حیدرآباد کا رُخ کررہے ہیں تو دوسری طرف کورونا ویکسین کیلئے تلنگانہ کے عوام مہاراشٹرا اور کرناٹک پہنچ رہے ہیں جہاں انہیں باآسانی ویکسین حاصل ہورہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے کئی اضلاع سے لوگ ویکسین کیلئے مہاراشٹرا اور کرناٹک کا رُخ کررہے ہیں۔ 18 سے 44 سال عمر کے درمیان افراد پڑوسی ریاستوں میں ویکسین کی خوراک حاصل کررہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے تمام شہریوں کو مفت ویکسین کی فراہمی کا اعلان کیا ہے لیکن ویکسین کی قلت کے نتیجہ میں پہلی خوراک کا سلسلہ بند کردیا گیا اور دوسری خوراک والوں کو ویکسین دی جارہی ہے۔ ان حالات میں کورونا سے خوفزدہ افراد تلنگانہ کے اضلاع منچریال، جگتیال، عادل آباد، پداپلی، کریم نگر، نظام آباد، کاماریڈی اور سنگاریڈی سے گذشتہ دس دنوں کے دوران بڑی تعداد میں پڑوسی ریاست مہاراشٹرا اور کرناٹک پہنچ رہے ہیں۔ اپنی ذاتی گاڑیوں یا پھر کرایہ کی گاڑیاں حاصل کرتے ہوئے پڑوسی ریاست پہنچ رہے ہیں۔ مذکورہ اضلاع کو مہاراشٹرا اور کرناٹک کی سرحد 100 تا 150 کیلو میٹر سے جوڑتی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے یکم مئی سے 18 تا 44 سال عمر کے افراد کو ویکسین دینے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ اسکیم شروع نہ ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹرا اور کرناٹک میں 45 سال سے کم عمر کے افراد کو ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوچکا ہے۔ مہاراشٹرا ، کرناٹک کے کئی اضلاع ایسے ہیں جن کا تلنگانہ کی سرحد سے فاصلہ بمشکل 20 تا 30 کیلو میٹر کا ہے ایسے میں تلنگانہ کے افراد کو ٹیکہ اندازی کیلئے پڑوسی ریاستوں میں داخل ہونے میں سہولت ہے۔ آصف آباد ضلع مہاراشٹرا کے چندرا پور ضلع سے متصل ہے۔ مہاراشٹرا میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کے باوجود متصل اضلاع کے افراد ٹیکہ اندازی کیلئے بلا خوف و خطر ریاست میں داخل ہورہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں خانگی سطح پر ٹیکہ حاصل کرنے میں کامیابی مل رہی ہے۔