کورونا ویکسین کیلئے شہر و ضلعی سطح پر کمیٹیوں کا قیام

   

حیدرآباد۔ حکومت نے کورونا ویکسین پر عوام میں شعور بیداری کیلئے ضلع اور منڈل سطح کے علاوہ میونسپل کارپوریشن سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیں۔ یہ کمیٹیاں ویکسین کی تقسیم کا طریقہ کار طئے کریں گی اور عوام میں شعور بیدار کیا جائیگا۔ سکریٹری صحت ایس ایم رضوی نے جی او ایم ایس 57 جاری کیا۔ گریٹر حیدرآباد میں پانچ رکنی کمیٹی کے صدرنشین میئر ہونگے جبکہ کمشنر بلدیہ کنوینر ہونگے۔ اراکین میں ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل اور سنگاریڈی کو شامل کیا گیا ۔ ٹیکہ اندازی کے ریاستی عہدیدار اور چیف جنرل منیجر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کو ارکان کے طور پر شامل کیا گیا۔ ضلع سطح کی کمیٹی 8 رکنی رہے گی جس کے صدرنشین چیرمین ضلع پریشد ہوں گے۔ منڈل سطحی کمیٹی منڈل پرجا پریشد کے صدر کی نگرانی میں کام کرے گی۔ کلکٹر، ایڈیشنل کلکٹر، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر، چیف ایکزیکیٹو آفیسر ضلع پریشد، منڈل پنچایت آفیسر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ یہ کمیٹیاں شعور بیداری کے علاوہ قومی ترجیح کے مطابق استفادہ کنندگان کا انتخاب کریں گے۔ ویکسین کے قائم کردہ بوتھس میں بہتر تال میل کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی۔