حکومت کے تعاون سے سائنسدانوں کے حوصلے بلند ، وزیر داخلہ محمد محمود علی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی شہر حیدرآباد کو کورونا ویکسین کا عالمی مرکز بن جانے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقی اور فلاحی اسکیمات میں ریاست تلنگانہ سرفہرست ہے ۔ ساتھ ہی عالمی وباء کا ٹیکہ تیار کرنے میں حیدرآباد نے جو کارنامہ انجام دیا ہے ۔ وہ ناقابل فراموش ہے ۔ ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا ویکسین کی تیاری میں ریاست تلنگانہ نے قومی سطح کے علاوہ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے ۔ گذشتہ ایک سال سے ساری دنیا کورونا وباء سے پریشان ہے ۔ لیکن ریاست تلنگانہ کے سائنسدانوں نے اس کے ٹیکہ کی تیاری میں دن رات محنت کی اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہوئے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ حیدرآباد میں واقع بھارت بائیو ٹیک کے تیار کردہ ویکسین کو استعمال کرنے کی منظوری بھی مل گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر نے علحدہ علحدہ طور پر حیدرآباد کے بھارت بائیوٹیک میں ویکسین کی تیاری کا جائزہ لیا ۔ سائنسدانوں کی وقفہ وقفہ سے حوصلہ افزائی کی ۔ جس کا نتیجہ ہے کہ کورونا کا ویکسین تیار ہوگیا ہے ۔ کامیاب قیادت کے مکمل تعاون سے سائنسدانوں کے حوصلے بلند ہوئے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں ویکسین کی تقسیم کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ابھی تک 10 ہزار عملہ کو تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ حیدرآباد اور محبوب نگر میں ٹیکہ اندازی کی مشق ( ڈرائی رن ) مکمل کی گئی ہے ۔ 7 جنوری کے ریاست کے 33 اضلاع کے 1000 سے زائد مراکز پر دوبارہ اس کی تمثیلی مشق کی جائے گی ۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔