کورونا ویکسین کی تیاری پر ایلا فیملی کو گورنرسوندرا راجن نے تہنیت پیش کی

   

150 ممالک کو ویکسین کی سربراہی، سائینسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین

حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز)گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ ملک کو کورونا سے بچاؤ کے ویکسین اور ویکسین تیار کرنے والوں پر فخر ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہمارا ملک بڑے پیمانے پر ٹیکہ اندازی مہم کے سبب کورونا سے محفوظ ہے۔ ہندوستان نے ویکسین کی تیاری میں دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ نہ صرف تیاری بلکہ دیگر ممالک کو سربراہی اور ٹیکہ اندازی مہم میں ہندوستان کا غیر معمولی رول رہا۔ ڈاکٹر سوندرا راجن فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شعبہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ گورنر نے اس موقع پر بھارت بائیو ٹیک کے ڈاکٹر کرشنا ایلا اور مسز سچترا ایلا کو کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی تیاری پر تہنیت پیش کی۔ گورنر نے کہا کہ مجھے ایلا جوڑے کو تہنیت پیش کرنے میں بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے جنہوں نے کوویکسین ایجاد کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے مختلف رکاوٹوں، تنقیدوں کی پرواہ کئے بغیر ملک کیلئے غیر معمولی ویکسین کی تیاری کا کارنامہ انجام دیا۔ گورنر نے کہا کہ ویکسین کا انتظار کرنے والے ممالک کیلئے ہندوستان ایک نعمت ثابت ہوا اور کئی ممالک کو ویکسین سربراہ کی گئی۔ انہوں نے ہندوستانی سائینسدانوں اور ویکسین مینوفیکچررس کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹیکہ اندازی کی مہم کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ابھی تک 180 کروڑ ویکسین کی خوراک دی جاچکی ہے اور 150 ممالک کو ویکسین سربراہ کی گئی۔ گورنر نے خاتون صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر نے شعبہ خواتین کے 20 سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر حیدرآباد چیاپٹر کی چیرپرسن اوما چگروپتی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر