لندن : ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی غیر مساوی تقسیم کی مذمت کی ہے۔ لندن میں انسانی حقوق کی اس بین الاقوامی تنظیم نے کہا کہ دولتمند ممالک اور دوا ساز کمپنیاں ویکسین کی منصفانہ تقسیم میں ’تباہ کن طور پر ناکام‘ ہو گئی ہیں۔ عالمی سطح پر کئی افراد زندگی بچانے والی اس ویکسین تک رسائی سے ابھی بھی محروم ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جنرل سکریٹری اگنس کالامارڈ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسین کی 11 ارب خوراکیں تیار کیے جانے کے باوجود کم آمدنی والے ممالک میں صرف 7 فیصد افراد ہی ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کر سکے ہیں۔