درکار درجہ حرارت کے ساتھ کولڈ چیمبرس کا قیام، خصوصی کنٹینرس کی تعمیر
حیدرآباد: حکومت نے دہلی اور حیدرآباد کے ایرپورٹس کو کورونا ویکسن کی منتقلی کے سلسلہ میں تمام تر ضروری سہولتوں سے آراستہ کیا ہے جس کے تحت ایرپورٹس پر ویکسن کو محفوظ رکھنے کیلئے کول چیمبرس قائم کئے جارہے ہیں جس میں درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس رہے گا ۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان بھر میں ویکسن کے تحفظ کے لئے موجودہ کولڈ چین سہولت کے تحت ایک کروڑ ویکسن کو رکھنے کی گنجائش ہے ۔ پہلے مرحلہ میں ہیلت کیر ورکرس اور میڈیکل ورکرس کو ویکسن دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت نے اس بات کا اشارہ دیا کہ سنگین امراض کا شکار ضعیف العمر افراد کو ویکسن کی سربراہی میں ترجیح دی جائے گی ۔ دہلی اور حیدرآباد کے ایرپورٹس پر درکار درجہ حرارت کے ساتھ کولڈ اسٹوریج کنٹینرس کا انتظام کیا گیا ہے جس میں کئی ملین ویکسن کو بحفاظت رکھا جاسکے گا ۔ کنٹینرس توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں تیار ہوجائیں گے ۔ ایرپورٹ پر ویکسن اسٹوریج اور پراسیسنگ زونس قائم کئے جارہے ہیں جس کے تحت درجہ حرارت پر کنٹرول کرتے ہوئے ویکسن کا تحفظ کیا جائے گا۔ کارگو ٹرمینل اور طیارے کے درمیان فاصلہ کو پورا کرنے کیلئے خصوصی ٹرالیوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ کورونا کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے دونوں ایرپورٹس کے ذریعہ پی پی ای کٹس ، میڈیکل آلات اور دیگر ضروری اشیاء کو بڑے پیمانہ پر منتقل کیا گیا تھا۔ اس طرح دہلی اور حیدرآباد ایرپورٹس کورونا پر قابو پانے کی سرگرمیوں کا مرکز رہے ہیں۔ ویکسن تیار کرنے والی کمپنیوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ماہرین کا پیانل مقرر کیا گیا ہے جس کا عنقریب اجلاس ہوگا۔