حیدرآباد: کوویڈ ویکسین کی پہلی کھیپ آج پونے سے حیدرآباد پہنچ گئی۔پہلے مرحلہ میں ہیلتھ ورکرس اور فرنٹ لائن ورکرس کو یہ ٹیکے دیئے جائیں گے۔ مرکزی حکومت نے پہلے ہی اعلان کیاہے کہ اس ٹیکہ کے مصارف ریاستیں نہیں بلکہ مرکزی حکومت برداشت کرے گی۔ ویکسین کی پہلی کھیپ کو حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے دفتر ڈائرکٹر پبلک ہیلت کوٹھی منتقل کیاگیا۔ بعدازاں 16 جنوری تک اس ویکسین کو ریاست کے مختلف مقامات منتقل کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے مجموعی طور پر 5 کروڑ ویکسین کی خوراک کو اسٹاک کرنے کی سہولت فراہم کی ہے جن میں صرف حیدرآباد شہر میں ہی مختلف مقامات پر 3 کروڑ ویکسین اور ریاست کے9 اضلاع میں 2 کروڑ ویکسین کے خوراک کو اسٹاک کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے ۔ اس کے لئے فریزرس اور واک ان کولرس دستیاب رکھے گئے ہیں۔تلنگانہ حکومت نے 1213مراکز اور866کولڈ چین پوائنٹس قائم کئے ہیں۔حکومت نے ریاست کے پبلک ہیلت سنٹرس میں ان ٹیکوں کو دینے کیلئے مناسب انتظامات کئے ہیں۔ریاست بھر کے 1213مراکز پر یہ ٹیکے دیئے جائیں گے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے سنکرانتی تہوار کے بعد 16 جنوری سے قومی سطح پر کورونا کے ٹیکہ اندازی کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حیدرآباد میں بھارت بائیو ٹیک کی جانب سے تیار کی جانے والی کو ویکسین کو بھی مرکز نے منظوری دے دی تاہم اس کی شرح کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا۔بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے حکومت کو اس سلسلہ میں تجویز بھی پیش نہیں کی۔پہلے دن ریاست کے 139 سنٹرس پر ٹیکہ اندازی کا پروگرام شروع کیا جائے گا اور پہلے دن ریاست بھر میں 13,900 افراد کو ٹیکے دیئے جائیں گے ۔ اس حساب سے ہر ایک سنٹر پر 100 افراد کو ٹیکے دیئے جائیں گے ۔ ہر ضلع میں 2 تا 3 ٹیکے دینے کے سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ ٹیکہ اندازی کے آغاز کے موقع پر 45 پرائیویٹ ہاسپٹلس میں بھی اس پروگرام کو شروع کیا جائے گا۔ باقی سنٹرس گورنمنٹ ٹیچنگ ہاسپٹلس، ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس، پرائمری ہیلت سنٹرس، کمیونٹی ہیلت سنٹرس، گاندھی، عثمانیہ اور نمس اسپتالوں میں 4، 4 سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ 18جنوری کو ریاست بھر میں 1200 سنٹرس پر کورونا کے ٹیکے دیئے جائیں گے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ 22 جنوری تک محکمہ صحت کے تمام عملہ کو ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد فرنٹ لائن ورکر س کو ٹیکے دیے جائیں گے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 16 جنوری کو شروع ہونے والے ٹیکہ اندازی کے پروگرام کو ایک ہفتہ کے اندر ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ہفتہ میں 4 دن ٹیکے دیئے جائیں گے جن میں پیر، منگل، جمعرات اور جمعہ شامل ہیں جبکہ چہارشنبہ اور ہفتہ کے دن سرکاری دواخانوں میں معمول کے جو ٹیکے دیئے جاتے ہیں اس کا عمل جاری رہے گا۔ کورونا کا پہلا ٹیکہ لینے کے 28 دن بعد دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس طرح 16 فروری سے دوسرا خوراک دیا جائے گا۔ مارچ کے تیسرے ہفتہ تک محکمہ صحت اور فرنٹ لائن ورکرس کو دو مرحلوں میں دو خوراک دے دی جائے گی۔ منگل کو 3.64لاکھ خوراک حاصل ہوئے۔