مراکز پر ناقص انتظامات کی شکایت ، رجسٹریشن کے باوجود مایوسی
حیدرآباد۔شہر میں کورونا وائرس کے ٹیکہ کے حصول کے لئے پہنچنے والوں بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ محکمہ صحت اور حکومت کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا جارہا ہے کہ تعطیلات کے ایام کے علاوہ 24گھنٹے ٹیکہ اندازی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود کئی شہریوں کی جانب سے اس بات کی شکایت کی جارہی ہے کہ ٹیکہ کے حصول کے لئے پہنچنے پر انہیں کہا جا رہاہے کہ وہ دوسرے دن آئیں کیونکہ اگر ٹیکہ کے لئے پہنچ رہے ہیں تو انہیں مزید افراد کے پہنچنے تک کے لئے انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ریاست تلنگانہ میں نہ صرف سرکاری بلکہ خانگی دواخانوں میں بھی ٹیکہ کے حصول کے لئے پہنچنے والوں کو ان مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ ریاست میں دیئے جانے والے ٹیکہ کی ایک شیشی میں 10 افراد کو ٹیکہ دیئے جانے کی گنجائش ہے اور ایک شخص کے لئے شیشی کو کھولنا دشوار ہوتا ہے اسی لئے ٹیکہ اندازی میں حصہ لینے کے لئے پہنچنے والوں کو انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔سرکاری مراکز پر جہاں ٹیکہ اندازی کی جا رہی ہے ان مقامات پر ٹیکہ کے حصول کے لئے پہنچنے والوں کو مزید افراد کے پہنچنے تک انتظار کرنا پڑرہا ہے یا پھر کہا جار ہاہے کہ وہ دوسرے دن آئیں کیونکہ اگر صرف ایک یا دو افراد کے لئے انجکشن کی نئی شیشی کھولی جاتی ہے تو ایسی صورت میں 8 افراد کا ٹیکہ ضائع ہونے کا خدشہ ہے اور حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کے دوران ٹیکوں کو ضائع ہونے سے بچانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کے دوران ٹیکہ کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ڈاکٹرس نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے باوجودیہ مشکلات پیش آرہی ہیں لیکن ان مشکلات کو دور کرنے کے لئے میکانزم کو بہتر بنایاجاسکتا ہے۔