نئی دہلی ۔ دنیا بھر میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق جب کبھی کورونا کی ویکسین دستیاب ہوگی ہندوستانی عوام اسے حاصل کرنے میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ سروے میں دنیا کے 15 میں 10 ممالک نے ویکسین کے حصول میں پس و پیش کا اظہار کیا ہے ۔ عالمی مالیاتی فورم ۔ آئی پی ایس او ایس سروے کے مطابق دنیا کے 15 ممالک کے 18,526 بالغ افراد پر یہ سروے کیا گیا تھا ۔ 73 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ اگر دستیاب ہوجائے تو وہ کورونا کا ٹیکہ حاصل کرینگے ۔ یہ تناسب ماہ اگسٹ میں 77 فیصد تھا جس میں اب کمی آئی ہے ۔ ہندوستان میں ماہ اگسٹ سے ہی ویکسین کے حصول کی خواہش 87 فیصد پر برقرار رہی ہے جبکہ دنیا کے 15 میں سے 10 ممالک میں اس میں کمی آئی ہے ۔ چین ‘ آسٹریلیا ‘ اسپین اور برازیل کے عوام میں ویکسین کے حصول کی خواہش میں کمی درج کی گئی ہے ۔ عالمی سطح پر جو لوگ کورونا ویکسین لینے میں پس و پیش کا شکار ہیں انہوں نے دو وجوہات بتائی ہیں۔ ایک وجہ جو 34 فیصد عوام نے بتائی ہے وہ اس ویکسین کے ذیلی اثرات ہیں جبکہ دوسری وجہ 33 فیصد عوام نے بتائی ہے اور وہ وجہ اس ویکسین کی انتہائی تیز رفتار سے ہونے والی طبی ٹرائیلس ہیں۔ علاوہ ازیں دس میں ایک شخص کا کہنا تھا کہ وہ کورونا ویکسین کے مخالف ہیں۔ ہندوستان میں یہ تناسب 19 فیصد تھا جبکہ مزید دس فیصد کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ویکسین کوئی کارآمد ثابت ہوگی ۔ ہندوستان میں 14 فیصد عوام کی یہی رائے تھی ۔ آٹھ فیصد افراد کا کہنا تھا کہ کورونا سے خطرہ بہت کم ہے ۔ عالمی مالیاتی فورم کا کہنا ہے کہ تازہ ترین سروے سے ثابت ہوتا ہے کہ ویکسین کے حصول میں پس و پیش میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ کئی کمپنیوں نے ویکسین کی تیاری میں پیشرفت کے دعوے کئے ہیںاور ان کا کہنا ہے کہ ویکسین کے طبی معائنے بھی اب تک اطمینان بخش ہی رہے ہیں۔
