پانی کا تحفظ بھی ملک کی خدمت ہے،مودی کی ’من کی بات‘
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ کوروناویکسین لگوانے میں جھجھک کو ختم کریں اور ٹیکہ لگوانے کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے اور ان کے ارکان خاندان کے کورونا سے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ویکسین سے متعلق خدشات کو دور کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ عوام ویکسین کے خلاف افواہوں پر توجہ نہ دیں بلکہ اس کے فوائد سے متعلق شعور بیدار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کا مقصد ملک کے ہر گاؤں کا ہر شہری کی ٹیکہ اندازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کو نظرانداز کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اپنے ماہانہ ’من کی بات‘ پروگرام میں انہوں نے مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول کے بعض افراد سے ٹیلیفون رابطہ بھی قائم کیا۔ مودی نے پانی اور درختوں کی حفاظت کے لئے مثبت کوشش کرنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پانی کے تحفظ کو وطن کی خدمت کی ایک شکل تصور کرتے ہیں۔ مودی نے زمینی پانی اور درختوں کے تحفظ کیلئے کی جارہی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ایسے کاموں میں مصروف لوگوں سے ترغیب لیکر اس کیلئے آگے آنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے ملک میں اب مانسون (بارش) کا موسم بھی آگیا ہے ۔ بادل برستے ہیں تو صرف ہمارے لئے نہیں برستے بلکہ بادل آنے والی نسلوں کے لئے برستے ہیں۔ بارش کا پانی زمین میں جاکر جمع بھی ہوتا ہے ، زمین کی آبی سطح میں بہتری آتی ہے اس لئے میں پانی کے تحفظ کو وطن کی خدمت کی ہی ایک شکل مانتا ہوں۔