کورونا ویکسین کے نام پر نریندر مودی کی حیدرآباد آمد انتخابی ڈرامہ بازی

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، یوگی ، سنجے اور تیجسوی حیدرآباد کیلئے غیر مقامی، نام تبدیل کرنے کا کوئی حق نہیں

حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کورونا ویکسین کا ڈرامہ کرنے اور امیت شاہ پر تلنگانہ عوام کی توہین کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابی مہم میں عوام کے درمیان خوف و دہشت اور نفرت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد کی انتخابی مہم کسی بھی بلدی انتخابات کی اب تک بدترین مہم قرار دی جاسکتی ہے جس میں ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس نے حقیقی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے سماج کو توڑنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کے ذہنوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی اور مجلس ملی بھگت کے ذریعہ اشتعال انگیز بیانات دیتے رہے۔ ایک ہفتہ تک تینوں پارٹیوں نے ایک دوسرے پر تنقید کا ڈرامہ کیا۔ چیف منسٹر نے یہ کہتے ہوئے عوام کو دھمکانے کی کوشش کی ہے کہ اگر ٹی آر ایس کو ووٹ نہیں دیا گیا تو حیدرآباد میں امن ختم ہوجائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں اور ان کے ایجنڈہ سے چوکس رہیں تاکہ حیدرآباد کی روایتی تہذیب کو خطرہ لاحق نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے حیدرآباد کی تاریخ تہذیب اور عوام کی توہین کی ہے۔ امیت شاہ نے اس وقت حیدرآباد کا دورہ نہیں کیا جب سیلاب میں 100 سے زائد افراد فوت ہوئے لیکن وہ بلدیہ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پہنچ گئے۔ اسی طرح نریندر مودی نے کورونا ویکسین کی تیاری کا ڈرامہ کرتے ہوئے حیدرآباد کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ اگر وہ دورہ نہ کرتے تو سائنسداں ویکسین تیار نہ کرتے۔ اتر پردیش میں امن و ضبط کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ دلتوں اور خواتین پر مظالم عروج پر ہیں لیکن یوگی آدتیہ ناتھ کو حیدرآباد کا نام بدلنے کی فکر لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ، تیجسوی اور بی سنجے حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے کا وعدہ کرنے والے کون ہوتے ہیں۔ یہ تمام غیر مقامی ہیں اور ان کا حیدرآباد شہر سے کوئی تعلق نہیں۔ بنڈی سنجے پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرائیک کا اعلان کرنے والے کون ہوتے ہیں جبکہ میں حیدرآباد میں پیدا ہوا اور حیدرآبادی تہذیب سے اچھی طرح واقف ہوں۔ بی جے پی نے سیلاب کے متاثرین کی امداد کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں چیف منسٹر کے سی آر کا جلسہ فلاپ شو ثابت ہوا۔