ایک لاکھ سے زائد ٹسٹ کٹس درآمد،تیاریاں تیزی سے جاری
حیدرآباد۔ریاست میں بڑھتے کوویڈ19 کے واقعات اور تشویشناک حد تک اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے بڑے پیمانہ پر طبی تشخیص میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ بہت جلد ٹسٹوں کا آغاز ہوگا۔ اس اقدام سے ریاست تلنگانہ ملک کی ان ریاستوں میں شمار کی جائے گی جہاں بڑے پیمانے پر تیز ترین انداز میں ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور ایک لاکھ سے زائد ریاپڈانٹیجن ٹسٹ کی کٹس کو درآمد کیا ہے ۔اس خصوص میں آئی سی ایم آر نے انٹیجس ٹسٹ کیلئے راہ ہموار کردی ہے۔چونکہ کٹس کی درآمد کیلئے دوسرے ممالک پر انحصار ہے اس وجہ سے اس میں تاخیر بتائی گئی ہے۔ تاہم اب بڑے پیمانہ پر تلنگانہ میں ٹسٹوں کا آغاز ہوگا۔ اس ٹسٹ سے آدھے گھنٹے (30 منٹ ) میں نتائج حاصل ہوں گے جس کے بعد ضرورت پڑنے پر آر ٹی پی سی آر کردیا جائے گا۔ موجودہ طریقہ کار میں آر ٹی پی سی آر کے ذریعہ نمونہ حاصل کرنے کے بعد اسے لیاب روانہ کیا جاتا ہے اور اس کا نتیجہ حاصل ہونے میں کافی وقت درکار ہوتا ہے۔ لیکن بڑے پیمانے پر تیز ترین انداز میں کئے جانے والے اس ٹسٹ سسٹم سے نتیجہ کیلئے صرف 30 منٹ درکار ہوں گے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ ٹسٹ سسٹم ڈور ٹو ڈور عوام کی دہلیز تک پہنچ کر کیا جائے گا اور اس میں کافی آسانی اور مدد حاصل ہوگی۔ اس ٹسٹ کے نتیجہ کے بعد حاصل رپورٹ پر کوویڈ 19 ٹسٹ کروانے کی ضرورت کا احساس ہوگا۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں اس ٹسٹ کا آغاز ہوچکا ہے اور تلنگانہ میں عنقریب اس کا آغاز ہوگا۔