حیدرآباد ۔21۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کے انعقاد میں تساہل پر مرکزی حکومت نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ کورونا ٹسٹ کی تعداد میں کمی پر مرکز نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ کورونا بحران کے آغاز سے لیکر آج تک تلنگانہ میں محض 21 ہزار ٹسٹ کئے گئے جبکہ دیگر ریاستوں میں یہ تعداد بہت زیادہ ہے ۔ مرکز نے انتباہ دیا کہ کورونا کے بارے میں اگر کسی طرح کا رویہ اختیار کیا گیا تو مستقبل میں سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔ مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری نے تلنگانہ کے چیف سکریٹری کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا ہے ۔ مرکز نے تلنگانہ حکومت کو مشورہ دیا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے آئی سی ایم آر کی گائیڈلائنس کے مطابق ٹسٹ منعقد کئے جائیں۔ مرکز نے اس بات پر اعتراض جتایا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کی تعداد انتہائی کم ہے ۔ اسی دوران وزیر صحت ای راجندر نے مرکزی حکومت کے اعتراضات کو غیر ضروری قرار دیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ ریاست کی صورتحال کے مطابق ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے آئی سی ایم آر گائیڈلائنس کے مطابق ٹسٹ کرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ کے بارے میں عوام نے کوئی بے چینی نہیں ہے ۔ راجندر نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کے رویہ پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتے بلکہ یہ معاملہ مرکز کے ضمیر پر چھوڑتے ہیں۔