نئی دہلی۔13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ حکومت نے کورونا ٹسٹ کٹ بنانے کا کام صرف ایک کمپنی کو دیا ہے اور کورونا جانچ کی ہدایات پر منفی رخ اختیار کرتے ہوئے پورا ٹسٹ کئے بغیر لوگوں کو اسپتال سے گھر بھیجنے کا فیصلہ کس بنیاد پرکیا ہے ،اس بارے میں اسے وضاحت کرنا چاہئے ۔کانگریس ترجمان اور خاتون کانگریس کی صدر سشمیتا دیو نے چہارشنبہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے کورونا ٹیسٹنگ کٹ بنانے کا کام احمدآباد کی ایک کمپنی کو دیا ہے جبکہ اس وقت ملک کی کئی کمپنیوں کو یہ کام ملنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ بحران کے وقت ایک ہی کمپنی کو یہ کام دینا شبہ پیدا کرتا ہے اس لئے حکومت کو بتانا چاہئے کہ کورونا ٹسٹ کرنے کے لئے کٹ بنانے کا کام صرف احمدآباد کی کمپنی کو ہی کیوں دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت ساری کمپنیاں ان کٹوں کو بنانے کی خواہش مند ہیں لیکن حکومت نے بغیر ٹینڈر منگائے کٹ بنانے کا کام صرف ایک ہی کمپنی کو سونپا ہے جو شبہ پیدا کرتا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ اسی طرح سے حکومت نے کورونا ٹسٹ کے پہلے کے پیمانے کو بدل کر معمولی ٹسٹ کے بعد لوگوں کو اسپتال سے گھر بھیجنے کافیصلہ کیا ہے جس سے مریضوں کی تعداد بڑھے گی اور آنے والے وقت میں ہندوستان کورونا کا اہم مرکز بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ ہندوستان کورونا کی کس سطح پر ہے۔ حکومت کو بتانا چاہئے کہ ملک کمیونٹی انفیکشن کی سطح پر ہے یا ابھی اس سطح پر نہیں پہنچا ہے ۔