کورونا ٹسٹ کے انعقاد میں ناکامی پر کانگریس کا احتجاج

   

کے سی آر کے خلاف نعرہ بازی،شہر میں کورونا کی صورتحال سنگین

حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کے بڑے پیمانہ پر انعقاد میں حکومت کی ناکامی کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گاندھی بھون کے احاطہ میں صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل یادو اور نامپلی انچارج فیروز خاں کی قیادت میں کارکنوں نے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ احتجاجی کانگریسی ورکرس ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے جن پر کورونا سے نمٹنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تلنگانہ میں عوام کے تحفظ اور بڑے پیمانے پر ٹسٹ منعقد کرنے کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔ چیف منسٹر کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے بھی نعرے لگائے گئے۔ پولیس کی جانب سے گاندھی بھون کے باہر احتجاج کی اجازت نہ دیئے جانے پر اندرونی حصہ میں یہ مظاہرہ کیا گیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو، انیل یادو اور فیروز خاں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کیسس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ گاندھی ہاسپٹل کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ پڑوسی ریاستوں میں لاکھوں کی تعداد میں ٹسٹ کئے گئے جبکہ تلنگانہ حکومت کو ٹسٹ کے انعقاد سے کوئی دلچسپی نہیں۔ کانگریس کی جانب سے مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی اور شہر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ حیدرآباد کو ڈیلاس اور پرانے شہر کو استنبول بنانے کا کے سی آر نے وعدہ کیا تھا۔ انجن کمار یادو نے شہر میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔ فیروز خاں نے کہا کہ شہر میں کورونا کی صورتحال کے خلاف یہ احتجاج منظم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال پر قابو نہیں پایا گیا تو آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔انہوں نے حکومت پر عوامی زندگی سے کھلواڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔]