کورونا ٹسٹ کے بغیر تین طلبہ کو منفی رپورٹ کی وصولی

   

گدوال میں حکام کی لاپرواہی ، تحقیقات کیلئے کلکٹر کی ہدایت
حیدرآباد: کورونا ٹسٹ کے بغیر منفی رپورٹ کی اجرائی کا حیرت انگیز واقعہ گدوال ضلع میں پیش آیا ۔ تین طلبہ کو ٹسٹ کے بغیر ہی کورونا نیگیٹیو رپورٹ جاری کردی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ طلبہ کا ایک گروپ گدوال کے سرکاری ہاسپٹل کورونا ٹسٹ کے لئے پہنچا جہاں انہوں نے ضروری فارمس کی خانہ پری کی ۔ کچھ دیر تک انتظار کے بعد انہیں دوسرے دن آنے کا مشورہ دیتے ہوئے واپس کردیا گیا کیونکہ ہاسپٹل میں ٹسٹ کے لئے درکار کٹس دستیاب نہیں تھے۔ طلبہ اپنے لعاب کے نمونے دیئے بغیر ہی واپس ہوگئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ طلبہ کو بعد میں موبائیل فون پر ٹسٹ رپورٹ موصول ہوئی جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ کورونا نیگیٹیو ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہاسپٹل نے ٹسٹ کے بغیر ہی یہ کیسے طئے کرلیا کہ طلبہ کورونا سے پاک ہیں۔ ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کورونا کیلئے عبوری ٹسٹ ہے۔ اسی دوران ضلع کلکٹر شروتی اوجھا نے اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کی جانچ کیلئے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ جو بھی قصوروار پائے جائیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کلکٹر نے کہا کہ ہاسپٹل میں ٹسٹنگ کٹس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ منگل کے دن 200 طلبہ جن کا تعلق اسکول اور کالجس سے ہے، ٹسٹ کیلئے پہنچے تھے۔ تین طلبہ زائد انتظار کی صعوبتوں کو برداشت کئے بغیر واپس چلے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انٹری آپریٹر کی غلطی کے نتیجہ میں رپورٹ روانہ کردی گئی ۔ کلکٹر نے کہا کہ تحقیقات میں حقیقی صورتحال کا پتہ چلے گا۔