کورونا ٹیکہ اندازی سے تلنگانہ میں ری ایکشن کا سلسلہ جاری

   

تازہ واقعہ کے بعد ہیلت ورکرس میں خوف کا ماحول
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا ویکسین ٹیکہ اندازی سے ہیلت ورکرس میں ری ایکشن کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے اعتراف کیا گیا کہ 19 جنوری کو ٹیکہ لینے والے ایک شخص میں سنگین ری ایکشن پایا گیا۔ محکمہ کے مطابق تلنگانہ کے 10 اضلاع میں 42.5 فیصد ہیلت کیر ورکرس کی ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے۔ 6689 استفادہ کنندگان نے ٹیکہ حاصل کیا جبکہ نشانہ 15736 افراد کا تھا۔ محکمہ صحت کی جانب سے شعور بیداری کے باوجود ہیلت کیر ورکرس ٹیکہ اندازی سے دور ہیں۔ ری ایکشن کے بارے میں اندیشوں کے نتیجہ میں وہ ٹیکہ حاصل کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ ریاست میں ابھی تک ٹیکہ اندازی کے بعد دو ہیلت ورکرس کی موت واقع ہوئی۔ ڈاکٹرس کی کثیر تعداد نے ٹیکہ اندازی میں حصہ لیا لیکن محکمہ صحت کو آشا ورکرس ، نرسنگ اسٹاف اور دیگر عملہ کی جانب سے انکار کئے جانے پر مشکلات پیش آرہی ہیں۔ خانگی دواخانوں کے ڈاکٹرس اور ہیلت ورکرس نے زیادہ تر خود کو ٹیکہ اندازی سے دور رکھا ہے۔ حکومت نے ابھی تک 176550 افراد کو کورونا کی خوراک دی ہے۔ ٹیکہ اندازی کی مہم 5 فروری تک خانگی ہاسپٹلس میں جاری رہے گی۔