ہر ضلع میں بہتر انتظامات کیلئے چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے کوویڈ۔19 ویکسین ٹیکہ اندازی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس سے کہا کہ اس پروگرام کی غیرمعمولی اہمیت ہے اور ٹیکہ اندازی کے پہلے مرحلہ میں تمام ہیلت ورکرس کا احاطہ کیا جائے گا جن کا خانگی اور سرکاری شعبہ جات سے تعلق ہے۔ چیف منسٹر نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اضلاع میں مقررہ مراکز پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق ٹیکہ اندازی انجام دی جائے اور کورونا قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کی صورت میں کسی شخص کو ری ایکشن پر فوری طبی امداد کی فراہمی کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔ سومیش کمار نے کلکٹرس سے خواہش کی کہ ہر مرکز کیلئے اسپیشل آفیسر کا تقرر کریں جو ٹیکہ اندازی کے کام کی نگرانی کرے گا۔ کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ ہر مرکز پر ویکسین کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے ضلع کے عہدیداروں کے ذریعہ پہلے سے نشاندہی کردہ استفادہ کنندگان کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ پروگرام کی اہمیت و افادیت کا ذکر کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ ہر سطح پر عوامی نمائندوں کو اس پروگرام میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن کم تعداد میں ٹیکہ اندازی کی جائے اور بعد میں تجربہ کی بنیاد پر تعداد میں اضافہ کیا جائے۔