کورونا ٹیکہ اندازی کیلئے 139 مراکز کا قیام

   

٭ نریندر مودی 2 مراکز سے ربط قائم کریں گے
٭ 16 جنوری سے ٹیکہ اندازی کا آغاز
حیدرآباد۔ وزیر اعظم نریندر مودی 16 جنوری کو کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے موقع پر تلنگانہ کے 2 مراکز پر ہیلت ورکرس سے بات چیت کریں گے۔ نئی دہلی میں کورونا ٹیکہ اندازی کا آغاز کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی مختلف ریاستوں میں ٹیکہ اندازی مراکزسے آن لائن ربط قائم کرتے ہوئے ہیلت ورکرس سے بات چیت کریں گے۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ٹیکہ اندازی کیلئے 139 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ پہلے دن 13900 افراد کی ٹیکہ اندازی کی جائے گی۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں 2 مقامات پر ٹیکہ اندازی کی ڈرائی رن میں 2.9 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کا تجربہ کیا گیا۔ ریاست میں تمام اضلاع کے ہیلت ورکرس کو ٹیکہ اندازی کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈرائی رن کے ذریعہ تربیت دی جارہی ہے۔ وزیر صحت ای راجندر نے ریاست میں پہلا ٹیکہ حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ٹیکہ کے بارے میں عوام میں اعتماد پیدا کیا جاسکے۔ تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریاست کے 139 مراکز میں سب سے زیادہ مراکز گریٹر حیدرآباد کے حدود میں قائم کئے گئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ٹیکہ اندازی کی تیاریوں کے سلسلہ میں 11 جنوری کو اجلاس منعقد کررہے ہیں۔ ہر ضلع میں دو تا تین مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ حکومت نے ہیلت ورکرس کی ٹریننگ کے سلسلہ میں ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلہ میں کورونا سے مقابلہ کرنے والے محکمہ جات کے ملازمین کو ٹیکہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ ٹیکہ اندازی کے طریقہ کار اور عوامی شمولیت سے متعلق فیصلے چیف منسٹر کے مجوزہ اجلاس میں کئے جاسکتے ہیں۔