حیدرآباد: تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کورونا ٹیکہ اندازی کے بعد دو افراد کی موت ہوئی جن میں سے ایک آنگن واڑی ٹیچر اور دوسرا صفائی ورکر ہے۔ کتہ گوڑم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نندی پاڈو ولیج کے آنگن واڑی ٹیچر پی چنی کی کورونا ٹیکہ اندازی کے 20 دن بعد موت واقع ہوئی ۔ دوسرا واقعہ آندھراپردیش تروپتی میں پیش آیا جہاں 50 سالہ صفائی ورکر ٹیکہ اندازی کے دوسرے دن طبیعت بگڑنے کے بعد فوت ہوگیا ۔ حکام نے موت کی وجوہات کا پتہ چلانے پوسٹ مارٹم کی ہدایت دی ۔ کتہ گوڑم آنگن واڑی ٹیچر نے یکم جنوری کو ٹیکہ لیا گیا اور طبیعت بگڑنے پر اسے کھمم ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ٹیچر کے شوہر سرینواس کا کہنا ہے کہ ٹیکہ اندازی کے بعد بخار و قئے کی شکایت کی گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیچر کو پہلے سے بلڈ پریشر و شوگر کی شکایت تھی۔ تروپتی کے 50 سالہ صفائی ورکر کرشنیا کو منگل کو ٹیکہ دیا گیا تھا ۔ دوسرے دن قلب پر حملہ ہوا اور دوران علاج جانبر نہ ہوسکا ۔ متوفی کے افراد خاندان کو شبہ ہے کہ ٹیکہ اندازی کے نتیجہ میں صحت بگڑ گئی ۔ محکمہ صحت کی جانب سے دونوں واقعات کی جانچ کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ ٹیکہ اندازی کے مہم کے آغاز کے بعد دونوں ریاستوں میں تاحال 4 اموات واقع ہوئیں اور کئی افراد ری ایکشن سے متاثر ہوئے۔