کورونا ٹیکہ سے بچنے کیلئے ایک شخص جھاڑ پر چڑھ گیا

   

کورونا ٹیکہ سے بچنے کیلئے ایک شخص جھاڑ پر چڑھ گیا
ٹیکہ سے بچنے ہیلت ٹیم پر حملہ کی کوشش، محکمہ صحت کے عہدیداروں کی گھر گھر مہم
حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ ماہ کے اختتام تک حکومت صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کی مہم پر ہے تو دوسری طرف ٹیکہ سے خوفزدہ افراد سے متعلق دلچسپ واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ کورونا ٹیکہ کے بارے میں محکمہ صحت کے عہدیدار عوام میں پائے جانے والے اندیشوں کو دور کرنے کی مہم پر ہیں لیکن دو ایسے واقعات پیش آئے جن میں ایک شخص ٹیکہ سے بچنے کیلئے درخت پر چڑھ گیا جبکہ ایک گاؤں میں ہیلت عہدیداروں پر حملہ کی کوشش کی گئی۔ یہ دونوں واقعات سنگاریڈی ضلع میں پیش آئے۔ تفصیلات کے مطابق نیالکل منڈل کے ریجنتل گاؤں میں ٹیکہ اندازی کیلئے جیسے ہی محکمہ ہیلت کی ٹیم غوث الدین کے مکان پہنچی اس نے ٹیکہ لینے سے انکار کردیا۔ غوث الدین کے والد سردار علی اور دیگر افراد خاندان نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن 30 سالہ نوجوان تیار نہیں ہوا اور جب مقامی افراد نے ٹیکہ لینے کیلئے اصرار کیا تو وہ فوری جھاڑ پر چڑھ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ تقریباً ایک گھنٹے تک جھاڑ پر رہا اور ہیلت ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کی واپسی کے بعد ہی نیچے اُترا۔ ایک اور واقعہ میں سنگاریڈی ٹاون میں بعض افراد نے ٹیکہ لینے سے انکار کرتے ہوئے ہیلت ملازمین پر حملہ کی کوشش کی جو گھر گھر پہنچ کر ٹیکہ دے رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ نعل صاحب گڈہ علاقہ کے بعض افراد نے ہیلت ورکرس کی آمد پر اعتراض کیا اور بحث و تکرار کرنے لگے۔ علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور ہیلت ملازمین نے پولیس میں شکایت کی کہ ایک شخص نے حملہ کی کوشش کی۔ ملازمین نے اس شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ پولیس عہدیدار نے تحریری شکایت کی صورت میں مقدمہ درج کرنے کا تیقن دیا اور کسی طرح مقامی افراد کو ٹیکہ لینے کیلئے راضی کیا گیا۔ اسی دوران محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 2.77 کروڑ افراد میں 2.58 کروڑ افراد نے ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے جو 93 فیصد ہوتے ہیں۔ صرف 1.37 کروڑ افراد یعنی 49 فیصد نے دونوں خوراک حاصل کرلی۔ ریاست کے 33 اضلاع میں آصف آباد میں سب سے کم ٹیکہ اندازی ہوئی ہے۔ر