کورونا ٹیکہ لینے عوام میں جوش و خروش

   

مراکز پہونچنے و رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔ ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی مراکز پر آج ٹیکہ کے حصول کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا اور ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دونوں شہر وں میں محکمہ صحت کی جانب سے 12 ٹیکہ اندازی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں 60 سال سے زائد کے علاوہ 45تا59 سال کے ایسے مریض جو مختلف امراض کا شکار ہیں انہیں ٹیکہ اندازی شروع کی گئی ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے آج گاندھی ہاسپٹل میں ٹیکہ لیا جبکہ ورنگل میں وزیر مسٹر ای دیاکر راؤ نے ٹیکہ لیا۔ رکن اسمبلی چارمینار جناب ممتاز احمد خان نے نامپلی دواخانہ میں کورونا وائرس کا ٹیکہ لیا۔ ٹیکہ اندازی مہم میں عوام کی بڑی تعداد حصہ لینے لگی ہے اور خانگی دواخانوں میں بھی ٹیکہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج ٹیکہ اندازی کے مراکز کا معائنہ کرکے ٹیکہ لینے والوں کے علاوہ طبی عملہ سے بات کی اور انہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے علاوہ ٹیکہ اندازی کے متعلق آگہی حاصل کی ۔ وزیر صحت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حکومت نے تلنگانہ میں کورونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے اور دوسری لہر کے کوئی آثار نہیں ہیں اس کے باوجود محکمہ صحت کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کشن ریڈی نے ٹیکہ لینے کے بعد میڈیا سے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل کے عملہ کی خدمات کی ملک بھر میں سراہنا کی جا رہی ہے ۔انہو ںنے عملہ کو خراج پیش کیا ۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ ملک بھر میں 10ہزار مراکز پر ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے اور تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر ٹیکہ مہم چلائی جا رہی ہے ۔ انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ بلا خوف و خطر کورونا وائرس کا ٹیکہ لیں۔