کورونا ٹیکہ نہ لینے پر راشن اور پنشن سے محروم کرنے کی خبر بے بنیاد

,

   

Ferty9 Clinic

حکومت نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی سرزنش کی، چیف سکریٹری کی جانب سے طلبی کے بعد وضاحت

حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضور آباد ضمنی چناؤ سے عین قبل ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ سے منسوب ایک متنازعہ بیان نے سرکاری حلقوں میں ہلچل پیدا کردی۔ کورونا ویکسین نہ لینے والے افراد کو راشن اور پنشن سے محروم کرنے سے متعلق بیان پر حکومت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت کو سکریٹریٹ طلب کرتے ہوئے سرزنش کی۔ باوثق ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت کو فوری وضاحت جاری کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد سرینواس راؤ نے وضاحت کرتے ہوئے ان سے منسوب بیان کی تردید کی ہے۔ واضح رہے کہ صبح سے ہی سوشیل میڈیا میں ڈائرکٹر پبلک ہیلت سے منسوب کرتے ہوئے بیان گشت کیا گیا جس میں کہا گیا کہ جن افراد نے کورونا ویکسین حاصل نہیں کیا انہیں پنشن اور راشن سے محروم کردیا جائے گا۔ حضورآباد ضمنی چناؤ سے عین قبل سوشیل میڈیا میں اس طرح کے بیان پر عوام کی جانب سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے دفتر کو جب اس بات کی اطلاع ملی تو چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی گئی کہ وہ سرینواس راؤ کو فوری طلب کریں اور اس معاملہ کی وضاحت جاری کریں۔ حکومت کی برہمی کے بعد سرینواس راؤ نے واضح کیا کہ سوشیل میڈیا میں ان سے منسوب بیان بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ عوام کو اس جھوٹی خبر پر بھروسہ کرنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی انہیں فکر مند اور پریشان ہونا چاہیئے۔ سرینواس راؤ نے انتباہ دیا کہ غلط خبر کو پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری نے سوشیل میڈیا میں گمراہ کن خبر کے منظرعام پر آنے کے کئی گھنٹوں تک ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی خاموشی پر سخت برہمی ظاہر کی۔ سرینواس راؤ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ سے بیان بازی میں احتیاط کریں۔ ریاست میں ٹیکہ اندازی سے عوام کو جوڑنے کیلئے محکمہ صحت نے جو مہم شروع کی ہے اس کے تحت پنشن اور راشن سے محروم کرنے کی تجویز سے متعلق اطلاعات پر ٹی آر ایس کے قائدین نے چیف منسٹر کے دفتر کو آگاہ کیا۔ر

کرپشن کے خاتمہ کیلئے عہدیداروں کو حلف
سکریٹریٹ میں ویجلینس شعور بیداری پر چیف سکریٹری نے حلف دلایا
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے سکریٹریٹ کے عہدیداروں اور ملازمین کو ویجلینس شعور بیداری ہفتہ کے ضمن میں حلف دلایا۔ تلنگانہ میں آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر 26 اکٹوبر تا یکم نومبر ویجلینس اویرنیس مہم چلائی جائے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج بی آر کے بھون میں اعلیٰ عہدیداروں اور ملازمین کو بہتر کارکردگی، محکمہ جات میں شفافیت اور کرپشن کے خلاف حلف دلایا۔ اس موقع پر سکریٹری ریوینو اور آئی جی رجسٹریشن شیشادری ، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ راس، جوائنٹ سکریٹری پولٹیکل ڈپارٹمنٹ ارویندر سنگھ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے حلف نامہ میں کہا کہ کرپشن ملک میں معاشی، سیاسی اور سماجی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہے۔ حکومت، شہریوں اور خانگی شعبہ کو کرپشن کے خاتمہ کیلئے مشترکہ مساعی کرنی ہوگی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ عہدیداروں اور ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے محکمہ جات میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی طرح کی بدعنوانیوں کا موقع نہ دیں۔ ہر محکمہ میں عہدیداروں اور ملازمین کو اسی طرح حلف دلایا گیا تاکہ سرکاری اداروں کو کرپشن سے پاک اور عوام کی خدمت کیلئے تیار کیا جائے۔ر