لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج، کورونا کیسوں اور اموات میں بتدریج کمی۔ ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد : وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے حکومت سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ریاست میں مالیاتی مسائل پیدا ہونے کا اندازہ ہونے کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کی زندگیوں اور صحت پر توجہ دے کر لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے جس کے بعد سے ریاست میں دن بدن کورونا کیسوں و اموات کی شرح بتدریج گھٹ رہی ہے۔ ہریش راؤ نے سنگاریڈی کے کلوری ٹمپل میں 100 بیڈس پر مشتمل آئسولیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ 2 یا 3 دن میں ظہیرآباد گورنمنٹ ہاسپٹل میں 500 لیٹر آکسیجن کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام شہریوں کو کورونا ٹیکہ لگانے حکومت سے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ٹیکہ کی خریدی کیلئے 100 کروڑ روپئے ادا کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو ویکسین کی سربراہی کا مرکزی حکومت فیصلہ کرتی ہے۔ کورونا پر قابو پانے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور وہ عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ وزیرفینانس نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں کورونا کے مریضوں کا مؤثر علاج کیا جارہا ہے۔ کورونا سے متاثر ہونے والے عوام خوفزدہ نہ ہو بلکہ سرکاری دواخانوں سے رجوع ہوتے ہوئے اپنا علاج کرائے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ہاسپٹلس میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہے۔