لاک ڈاؤن کے سبب پاکستان میں 748 ہندوستانی محصور ، تین مرحلوں میں واپسی
اسلام آباد ۔ پاکستان میں پھنسے 748 ہندوستانیوں میں سے 250 آج ہندوستان واپس لوٹ رہے ہیں جبکہ بقیہ لوگوں کے اگلے دو دنوں میں واپس لوٹنے کی امید ہے۔ یہ لوگ مختلف ضروریات کے تحت پاکستان گئے تھے لیکن مارچ میں لاک ڈاون نافذ ہوجانے کے بعد وہاں پھنس گئے تھے۔حالانکہ ہندوستانی ہائی کمیشن کے مطابق پہلے ان ہندوستانی شہریوں کو منگل کے روز ہی وطن واپس لوٹنا تھا لیکن بعض اسباب کی بنا پر اس میں تبدیلی کرتے ہوئے یہ سلسلہ آج جمعرات 25 جون سے شروع کیا جارہا ہے۔ان لوگوں کی واپسی تین مرحلوں میں ہوگی۔ پہلے مرحلے میں جمعرات کے روز 250 لوگ واپس لوٹیں گے جبکہ دیگر 250 افراد جمعہ کے دن اور 248 افراد پر مشتمل تیسرا گروپ سنیچر کے روز واہگہ بارڈر کے راستے ہندوستان میں داخل ہوگا۔ اس کام کے لیے 25 سے 27 جون تک واہگہ بارڈر کھلا رہے گا۔ ہندوستانی وزارت داخلہ نے متعلقہ محکموں کو ان ہندوستانی شہریوں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں۔ حکومت پاکستان نے بھی امیگریشن افسران کو تمام تفصیلات فراہم کردی ہیں تاکہ ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔پاکستان سے واپس لوٹنے کے بعد ان لوگوں کو 14 دنوں تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ان میں سب سے زیادہ لوگ ہندوستانی صوبے پنجاب کے رہنے والے ہیں۔ جبکہ کچھ لوگ جموں و کشمیر، ہریانہ اور ہماچل پردیش کے بھی ہیں۔ ان سب کو اپنی اپنی ریاستوں میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔لاک ڈاون کی وجہ سے پاکستان میں پھنس جانے والے ہندوستانی شہریوں میں سے چند ایک نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ جوحالات بتائے ہیں وہ انتہائی تکلیف دہ ہیں۔