کورونا پر اظہار خیال کیلئے مجلس کو صرف 6 منٹ

   

اکبر اویسی کا اعتراض، اپوزیشن کے ساتھ ناانصافی کی شکایت
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی میں اہم مسائل پر اظہار خیال کیلئے مناسب وقت الاٹ نہ کرنے کی مجلسی رکن اکبر اویسی نے شکایت کی ۔ کورونا جیسے سنگین مسئلہ پر مباحث میں حصہ لینے کیلئے مجلس کو صرف 6 منٹ الاٹ کئے گئے تھے ۔ وقفہ سوالات کے آغاز پر مجلسی رکن نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کی توجہ اس جانب مبذول کرائی اور کہا کہ محض 6 منٹ آداب اور خیر خیریت پوچھنے میں گزر جائیں گے۔ 20 سال سے زائد عرصہ سے ایوان میں ہوں اور متحدہ آندھراپردیش میں 15 سیاسی جماعتیں ایوان میں موجود تھیں ، اس کے باوجود اظہار خیال کیلئے مناسب وقت الاٹ کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مناسب وقت نہیں دیا جاسکتا تو ایوان آپ چلا لیجئے ہم نہیں آئیں گے۔ وقت کا الاٹمنٹ صحیح نہیں ہے اور اسپیکر کو انصاف کرنا چاہئے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں ایک رکن کی پارٹی کو نصف گھنٹہ دیا جاتا تھا۔ اسپیکر نے وضاحت کی کہ کورونا پر مباحث کیلئے 90 منٹ مقرر کئے گئے ہیں اور ارکان کی تعداد کے اعتبار سے پارٹیوں میں وقت تقسیم کیا گیا۔ اسپیکر نے اظہار خیال کے لئے مجلسی رکن کو مائیک نہیں دیا اور ٹی آر ایس کے ارکان وقفہ سوالات جاری رکھنے پر اصرار کرنے لگے۔ وزیر بہبودیٔ پسماندہ طبقات جی کملاکر نے وقفہ سوالات کا آغاز کردیا جس پر اکبر اویسی نے ریمارک کیا کہ ایسا رہا تو پھر ایوان میں خدا ہی جمہوریت کا تحفظ کرے گا۔