کورونا پر قابو پانے آج سے ریاست بھر میں ’’ گھر گھر فیور سروے ‘‘

,

   

کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے تیاریاں مکمل ۔ دو کروڑ معائنہ کٹس ‘ادویات کی ایک کروڑ کٹس تیار ۔ ریاستی وزراء کا کلکٹرس کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد ۔ 20 جنوری (سیاست نیوز) عوام کی جانوںکے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اور 21جنوری سے ریاست میں آشاورکرس‘ پنچایت راج اور بلدی عملہ کی خدمات حاصل کرکے گھر گھر فیور سروے کا آغاز کیا جائیگا۔ تلنگانہ عوام کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کی مدد کریں اور ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانے کے ساتھ پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ وزیر صحت ہریش راؤ‘ وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ کے علاوہ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے آج تمام ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرکے انہیں ہدایات جاری کیں کہ گھر گھر فیور سروے کو مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ حکومت سے شہریوں کے علاج و معالجہ کیلئے ممکنہ اقدامات کرلئے گئے ہیں اور کورونا کی پہلی و دوسری لہر کے دوران کئے گئے فیور سروے کے کافی اچھے نتائج برآمد ہوئے تھے جس پر نیتی آیوگ نے بھی ستائش کی تھی۔ انہو ںنے بتایا کہ فیور سروے کے دوران جن لوگوں میں علاماتیں پائی جا ئیں گی انہیں ادویات پر مشتمل کٹس حوالہ کرکے قرنطینہ کا مشورہ دیا جائے گا۔ وزراء نے ضلع کلکٹرس سے ان کے اضلاع میں صورتحال کے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ایک ماہ قبل ہی محکمہ صحت کو ہدایات دیں تھیں کہ ریاست میں 2 کروڑ معائنوں کیلئے کٹس تیار رکھے جائیں اور 1کروڑ قرنطینہ کٹس کی تیاری کے علاوہ سرکاری دواخانوں میں موجود تمام بستروں کو آکسیجن سے مربوط کردیا جائے ۔ چیف منسٹر کی ہدایات پر محکمہ صحت کی جانب سے 2کروڑ معائنہ کے کٹس اور 1کروڑ ادویات کے کٹس تیار کرلئے گئے ہیں اور ان کٹس کو ضلع واری اساس پر روانہ بھی کردیا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ محکمہ صحت نے اس مرتبہ فیور سروے کے دوران پنچایت راج کے علاوہ بلدی عملہ کو بھی متحرک کرنے اور خدمات کے حصول کا فیصلہ کیا ہے اور 21 جنوری سے کئے جانے والے فیور سروے کے دوران معائنوں کے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں سرکاری دواخانو ںمیں 27ہزار بستروں کو آکسیجن سے مربوط کیا جاچکا ہے اور 76 دواخانوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹ نصب کئے جاچکے ہیں ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ میں آکسیجن پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے منصوبہ بھی تیار کیا جاچکا ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر صحت نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بستی دواخانوں کو اتوار کو بھی خدمات انجام دینے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ تمام بستی دواخانوں میں کورونا معائنوں کے انتظامات کئے جا چکے ہیں اور بستی دواخانوں کو اتوار کو بھی دوپہر 2بجے تک خدمات کی انجام دہی کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق تمام اضلاع میں کورونا معائنوں میں اضافہ کیا گیا ۔ انہوں نے پہلی ‘ دوسری اور تیسری لہر کے دوران فرق کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اور دوسری لہر میں کورونا متاثرین میں علاما ت تھیں لیکن تیسری لہر میں بیشتر متاثرین میں کوئی علامات نہیں پائی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے وباء کے پھیلنے کی رفتار تیز ہے‘ وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ اگر ان میں علامات ہیں تو وہ اپنے معائنہ کو یقینی بنائیں۔ وزراء نے ضلع کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ اضلاع میں فیور سروے کی نگرانی کرنے کے ساتھ عوام میں شعور بیداری کے اقدامات کریں اور انہیں کورونا کے خلاف جنگ میں عوامی حصہ داری کا احساس پیدا کریں۔ ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کا شکار ہونے کی صورت میں خانگی دواخانوں سے رجوع ہو کر استحصال کا شکار نہ ہوں اور بھاری رقومات ادا کرکے انہیں کسی بھی طرح کے قرض میں مبتلا ہونے کے بجائے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہوں اور علاج کروائیں کیونکہ حکومت نے تمام سرکاری دواخانو ںمیں بہترین معیاری سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے اور بہترین خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔م