دوسرے مرحلے کے فیور سروے میں دیہاتوں کا احاطہ ، گداگروں کا ٹسٹ کرائے : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف محکمہ جات صحت ، مال ، پولیس کے علاوہ عوامی منتخب نمائندوں اور عہدیداروں کو فیملی کی طرح خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا ۔ میدک کلکٹریٹ میں ہریش راؤ نے کورونا کے کنٹرول ، بلیک فنگس اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ کورونا سے متاثر ہونے والوں کا جہاں موثر علاج کرنا ضروری ہے ۔ تبھی کورونا پر مکمل قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ایم آر کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریاست میں گھر گھر سروے کے ذریعہ بخار ، کھانسی ، گلے میں خراش ، سردرد کا جائزہ لیتے ہوئے کورونا کے علامتوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ جن میں علامتوں کی نشاندہی ہورہی ہے ۔ انہیں ٹسٹ کرانے کا انتظار کرنے سے قبل میڈیسن کا کٹ فراہم کرتے ہوئے فوری علاج کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گھر گھر سروے کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا ہے ۔ جن لوگوں کو میڈیسن دیا گیا ہے ان کے گھروں کو پہونچکر ان کے صحت پر نگرانی رکھنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ دوسرے مرحلے کے فیور سروے میں دیہی علاقوں کا احاطہ کرنے پر زور دیا ۔ سنجیدگی سے سروے کرنے علامتیں نظر آنے والوں کو آئسولیشن میں رکھنے کی ہدایت دی ۔ ایک روم کے مکانات میں رہنے والوں کے لیے اسکولس ، کمیونٹی ہالس ، ریتو ویدیکا کو آئسولیشن سنٹرس میں تبدیل کرنے پر زور دیا ۔ کورونا کا اثر زیادہ رہنے والے مقامات پر کوویڈ کیر سنٹرس کو قائم کرتے ہوئے ڈاکٹرس کی ٹیم کو روانہ کرنے کا اعلان کیا ۔ وزیر فینانس نے بالخصوص بھکاریوں ، مزدوروں کو کورونا ٹسٹ کرانے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ کورونا سے ہونے والی اموات کی عزت و احترام کے ساتھ آخری رسومات انجام دینے پر زور دیا ۔ ساتھ ہی لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے لیے عوامی منتخب نمائندوں کو عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرنے کا مشورہ دیا ۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران عوام کو ایک ہفتہ کی اشیاء ضروریہ خریدنے کی اپیل کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کرونا سے صحت یاب ہونے کے بعد بلیک فنگس سے متاثر ہونے کے کیسیس میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ سب کو شوگر ٹسٹ کرانے پر بھی زور دیا ۔۔