ریمڈیسور انجکشن کی قلت دور کرنے اور آکسیجن وار روم قائم کرنے کا اعلان
گلبرگہ : ضلع گلبرگہ میںکرونا کی دوسری لہر کے تیزی سے پھیلتے ہوئے حالات پر قابو پانے اور کرونا کے مریضوں کے بروقت علاج کے سلسلہ میں ضلع گلبرگہ کے نئے انچارج وزیر مرگیش نیرنی کی نگرانی میں ضلع کے منتخب نمائیندوںکا ایک اہم اجلاس 7مئی کو منی ودھان سودھا گلبرگہ میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں کرونا کی روک تھام کے لئے ضلع بھر میںکئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائیزہ لیا گیا ۔ ضلع انچارج وزیر نے منتخب نمائیندوں کے تمام شکوک و شبہات کا ازالہ کرتے ہوئے اور ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع گلبرگہ میںریمڈیسویر انجیکشن کی قلت کو فوری دور کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر گلبرگہ محترمہ وی وی جیوتسنانے کہا کہ کرونا پر قابو پانے کے لئے دیہی علاقوںمیں بھی ویاکسی نیشن کی ضرورت ہے۔ انھوںنے کہا کہ ضلع میں آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کے لئے بہت جلد آکسیجن وار روم قائم کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر مختلف علاقوں میں کنٹونمینٹ زو نس تشکیل دئے جائیں گے ۔ پولیس کمشنر این ستیش کمار نے کہا کہ ریمڈیسویر انجیکشن کی کالا بازاری کرنے والوںپر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔ چند خاطیوںکو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں رکن پارلیمینٹ گلبرگہ ڈاکٹر امیش جادھو ، دتاتریہ پاٹل ریوور صدر نشین کلیان کرناٹک ترقیاتی بورڈ ، ارکان اسمبلی پریانک کھرگے ، ڈاکٹر اویناش جادھو،، رکن قانون ساز کونسل سشیل جی نموشی، ، سورنا مالاجی چیر میںضلع پنچایت گلبرگہ اور سٹی کارپوریشن کے کمشنر اسنیہال لوکھنڈے سدھاکر کے علاوہ اور کئی عہدہ داران شریک تھے ۔
