حیدرآباد: محکمہ صحت نے اچانک فیصلہ کرتے ہوئے کورونا مریضوں کی تعداد کے بارے میں روزانہ جاری کئے جانے والے بلیٹن کو روک دیا ہے۔ محکمہ نے فیصلہ کیا کہ روزانہ کی بجائے ہفتہ میں ایک بار کورونا بلیٹن جاری کیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں کیسس میں قابل لحاظ کمی کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ حکومت ہیلت ورکرس کو کورونا کی تفصیلات اکھٹا کرنے میں مصروف رکھنے کے بجائے ٹیکہ اندازی کے کام میں مشغول کرنا چاہتی ہے۔ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا ، ٹاملناڈو اور کرناٹک میں کورونا کیسس میں اضافہ کے دوران تلنگانہ حکومت کا یہ فیصلہ ماہرین کیلئے حیرت کا باعث ہے۔ محکمہ کے صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ پر پڑوسی ریاستوں کی صورتحال کا اثر نہیں پڑے گا۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کورونا کیسیس میں کمی واقع ہوئی ہے لہذا ہیلت ورکرس کو ٹیکہ اندازی کے کام میں مشغول کیا جائے گا۔ اسی دوران نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال نے مہاراشٹرا ، کیرالا اور تلنگانہ میں کورونا کی دوسری قسم کی موجودگی کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق روزانہ 50 سے زائد صفحات پر مشتمل جاری کئے جانے والے بلیٹن کی تیاری میں کئی ملازمین کی خدمات ضروری تھیں۔ ہر ضلع میں کیسیس ، ٹسٹوں کی تعداد اور سرکاری دواخانوں میں بستروں کے موقف کی تفصیلات جمع کرنے میں کافی وقت درکار تھا ۔ اب جبکہ کیسیس میں کمی واقع ہوئی ہے، لہذا حکومت نے بلیٹن کی مدت روزانہ کے بجائے ہفتہ واری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔