کورونا پھیلاؤ کو روکنے ٹسٹ میں اضافہ کا فیصلہ

   

۔9 لیابس میں روزانہ 1560 ٹسٹ، 768 کے نتائج ابھی باقی
حیدرآباد۔21۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کورونا ٹسٹ میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دوسرے مرحلہ میں ریاست میں کورونا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ورنگل رورل ، بھونگیر ، ونپرتی اور سدی پیٹ اضلاع میں کورونا وائرس کا ایک بھی کیس نہیں ہے اور یہ اضلاع کورونا سے پاک تصور کئے جارہے ہیں۔ کورونا کے شبہ میں ریاست میں 1818 افراد کورنٹائن کئے گئے ہیں۔ ان میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 183 اور اضلاع میں 1625 افراد شامل ہیں۔ ریاست میں کورونا سے متاثرہ جن علاقوں کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کیا گیا ہے، ان کی تعداد 292 ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 151 ، دیگر بلدیات کے تحت 87 اور دیہی علاقوں میں 54 مقامات کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کیا گیا ۔ 14 دن کی یہ پابندیاں 20 اپریل تا 3 مئی ختم ہوجائیں گی ۔ 25 اپریل کو 36 ، 30 اپریل کو 61 اور 3 مئی کو 57 علاقوں میں کنٹینمنٹ کی پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔ ریاست میں کورونا ٹسٹ کے لئے 9 لیباریٹریز موجود ہے جن میں روزانہ 1560 افراد کے ٹسٹ کی گنجائش ہے۔ ریاست میں جملہ 14962 افراد کے سیمپل حاصل کئے گئے جن میں 14104 کے نمونے کورونا منفی پائے گئے ۔ 768 کے نتائج آنے باقی ہے۔ ریاست میں 11,000 بستروں کا مختلف دواخانوں میں انتظام کیا گیا ہے ۔ 3.04 لاکھ پی پی ای کٹس دستیاب ہے جبکہ این 95 ماسک کی تعداد 3.53 لاکھ ہے۔ 61119 سیمپل کلکشن کٹس تیار رکھے گئے ہیں جبکہ ٹسٹنگ کٹس کی تعداد 21366 ہے۔ لاک ڈاون کی مدت میں تاحال 30,000 ڈلیوریز ہوئی ہیں۔ تھلسیمیا کے 580 اور ڈائلیسیس کے 5050 مریضوں کے علاج کا انتظام کیا گیا ۔